بیجنگ (آئی این پی) چین نے ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ نیو کلیئر سپلائر گروپ (این ایس جی) میں نئے ممالک کی شمولیت کے حوالے سے ہمارا مؤقف واضح اور مستقل ہے اور یہ بالکل تبدیل نہیں ہوا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے منگل کو پریس بریفنگ میں کہا کہ این پی ٹی پر دستخط نہ کرنیوالے ممالک کی این ایس جی میں شمولیت کے حوالے سے ہمارا مؤقف تبدیل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ 11 نومبر کو ویانا میں ہونے والے این ایس جی کے اجلاس میں نئے ممالک کی شمولیت کے حوالے سے دو مرحلوں پر مشتمل فارمولے پر غور کیا گیا۔ ترجمان نے کہا چین کو امید ہے کہ یہ اجلاس بین الحکومتی طریقہ کار پر عملدرآمد کیلئے بہترین تھا جس میں دو نکاتی فارمولہ وضع کیا گیا۔ یہ ایک صحیح سمت میں قدم ہے جس کی مدد سے اتفاق رائے سے جلد کوئی حل تلاش کرلیا جائیگا۔
نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں نئے ممالک کی شمولیت پر مؤقف نہیں بدلا نئے فارمولے پر اتفاق کرلیا گیا: چین
Nov 16, 2016