ماسکو (بی بی سی) کریملن نے کہا ہے امریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن امریکہ اور روس کے تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کریں گے۔ کریملن کا کہنا ہے ڈونلڈ ٹرمپ اور ویلادیمر پوتن نے ٹیلی فون پر گفتگو کی ہے۔ پیوٹن کا مزید کہنا تھا وہ نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ 'برابری کی بنیاد' پر مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر کی تعریف کرتے ہوئے کہا 'وہ ہمارے لئے صدر سے کہیں زیادہ ایک رہنما رہے ہیں۔' امریکہ کے صدارتی انتخاب کی مہم کے دوران پیوٹن نے ٹرمپ کو 'بغیر کسی شک کے ایک بہت ہی شاندار شخص‘ قرار دیا تھا۔ کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے فون پر شام کی صورتِ حال پر بات چیت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے موجودہ تعلقات 'ناقابِل اطمینان' ہیں۔ کریملن نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کس نے فون کال کا آغاز کیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے دفتر کا کہنا ہے کہ کریملن نے کال کی اور اس میں دونوں ممالک کے باہمی خطرات، چینلنجز اور معاشی معاملات زیرِ بحث آئے۔ ٹرمپ کے دفتر کے مطابق نومنتخب امریکی صدر نے روسی صدر سے کہا کہ وہ روس کے ساتھ مضبوط اور پائیدار تعلقات تعلقات چاہتے ہیں۔ کریملن کا مزید کہنا تھا کہ پوتن اور ٹرمپ نے فون کے ذریعے ایک دوسرے کے ساتھ رابطہ رکھنے پر اتفاق کیا اور بعد میں ایک دوسرے کے ساتھ ملاقات کا بندوبست کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
تعلقات ناقابل اطمینان‘ بہتر بنانے کی کوشش کرینگے: ٹرمپ‘ پیوٹن
Nov 16, 2016