لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈی جی محکمہ اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا ہے کہ حضرت علی بن عثمان الہجویری المعروف داتا گنج بخش کے 973واں سالانہ عرس کے موقع پر ’’الشیخ علی الہجویری اور معاصر عالم اسلامی‘‘ کے موضوع پر سہ روزہ عالمی کانفرنس آج 16تا 18نومبر بمقام داتا دربار لاہورمیں منعقد ہوگی، جس میں پاکستان کے علاوہ ، معاصر اسلامی دنیا تیونس، مصر، امریکہ، ترکی، افغانستان ، ایران، ہندوستان کی معروف دانشگاہوں اور علمی حلقوں کی معتبر شخصیات شرکت کریں گی۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے بتایا کہ کانفرنس میں کا افتتاحی سیشن کی صدارت وزیر اوقاف میاں عطا محمد مانیکا پنجاب کریں گے جبکہ وزیر خوراک بلال یٰسین مہمان خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی‘ ڈاکٹر محمد ظفر اقبال نوری (امریکہ)‘ آقا اکبر برخورداری (ایران)‘ ڈاکٹر غلام معین الدین نظامی‘ الشیخ فضل بن محمد القیروانی التونسی‘ الدکتور نبیل فولی احمد المصری‘ ڈاکٹر دُرمش بلگور (ترکی)‘ پیر سید آغا وحید اللہ شاہ غزنوی‘ خصوصی مقالات /خطبات پیش کریں گے۔ نشست دوم بوقت 1:30بجے دوپہر ہو گی۔ جس میں جناب پروفیسر احمد رفیق اختر صاحب موضوع کی مناسبت سے خصوصی لیکچر دیں گے۔ 17 نومبر 10:00 بجے صبح کانفرنس کی تیسری نشست ہو گی۔ جس کی صدارت سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خان، کریں گے۔ جبکہ ڈاکٹر ظہور احمد اظہر ، راجا رشید محمود ، محمد نور دُغان نورسی‘ خالد الشامی الیمنی‘ ڈاکٹر محمد سلطان شاہ‘ پیر سید محمود آغا غزنوی‘ ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس‘ ڈاکٹر سید محمد اکرم شاہ‘ خصوصی مقالات / خطبات پیش کریں گے۔ نشست چہارم 1:30 بجے دوپہر ہو گی‘ جس کی صدارت پیر محمد امین الحسنات شاہ وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کریں گے اور خصوصی مقالہ / علامہ پیر سید ریاض حسین شاہ پیش کریںگے‘ اس موقع پر دیوان سید طاہر نظامی سجادہ نشین دہلی شریف مہمان خصوصی ہوں گے۔ نشست پنجم 18 نومبر (جمعۃ المبارک) 11:30 بجے دن ہو گی۔ جس میں کلیدی خطبہ مفتی محمد رمضان سیالوی خطیب داتا دربار کا ہو گا۔ جبکہ پیر سید محمد بلال چشتی‘ خواجہ غلام قطب الدین فریدی‘ شیخ الحدیث پیر محمد عارف مہمانانِ خصوصی ہوں گے۔