مخصوص بلدیاتی نشستیں‘ مسلم لیگ ن لاہور‘ پنڈی‘ گوجرانوالہ سمیت کئی شہروں میں چھا گئی

Nov 16, 2016

لاہور/ گوجرانوالہ/ شیخوپورہ/ قصور/ ننکانہ (خبرنگار/ نمائندہ خصوصی/ نامہ نگاران) میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے تمام 17نشستیں جیت کر کلین سویپ کر لیا جبکہ ضلع کونسل کی 25 میں سے 23 نشستیں جیت کر بھاری اکثریت حاصل کرلی۔ پی ٹی آئی کو ضلع کونسل میں خواتین کی دو نشستیں ملی ہیں جبکہ مسلم لیگ ن کی ٹیکنو کریٹ کی نشست پر امیدوار ضلع کونسل چودھری کامران عزیز بلامقابلہ منتخب ہوئے ہیں۔ خبر نگار کے مطابق بلدیہ عظمیٰ لاہور کی 45میں سے 42 مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدوار کامیاب ہو گئے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے نامزد واحد خاتون امیدوار بھی کامیاب ہو گئی۔ تین خاتون امیدوار میں ووٹ برابر ہونے کے باعث دو کامیاب امیدواروں کا فیصلہ آج بذریعہ ٹاس ہو گا۔ ان تینوں امیدواروں کا تعلق بھی مسلم لیگ ن سے ہی ہے۔گذشتہ روز ٹاؤن ہال میں ہونے والے مخصوص نشستوں کے لیے انتخابات میں لاہور کی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ ورکرز، یوتھ اور ٹیکنو کریٹس کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی بلامقابلہ کامیابی کے بعد خواتین کی25 مخصوص نشستوں پر30اور غیر مسلم کی10 مخصوص نشستوں پر16امیدواروں میں مقابلہ ہوا۔ انتخابات سے دو روز قبل تین خواتین اور ایک اقلیتی امیدوار دستبردار ہو گیا تھا ۔ٹائون ہال میںصبح نو بجے شروع ہونے والی پولنگ سہ پہر چار بجے تک جاری رہی۔ لاہور کی 274 یونین کونسلوں کے چئیر مینوںمیں سے 271یونین کونسلوں کے چیئرمینوں نے حق رائے دہی استعمال کیا ۔ٹائون ہال میں ماحول اس وقت گرم ہو گیا جب پی ٹی آئی کے نو منتخب بلدیاتی نمائندے اعجاز ڈیال، میاں حماد اظہر اور ظہیر عباس کھوکھر کی قیادت میں اکٹھے گو نواز گو کے نعرے لگاتے ٹاؤن ہال میں داخل ہوئے ۔جس کے بعد شام تک مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کے بلدیاتی نمائندے اور کارکن ایک دوسرے کی قیادت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے تاہم کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا۔ پی ٹی آئی کے نمائندے گو نواز گو، مک گیا تیرا شو نواز گو کے نعرے لگاتے رہے جبکہ مسلم لیگی نمائندوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد گو عمران گو، شیر آیا شیر آیا، اک واری فیر شیر، وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگا کر جواب دیتے رہے۔ بلدیہ عظمیٰ لاہور کی یوتھ کی دو مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کے بلامقابلہ کامیاب امیدواروں میں احمد سعید، شیراز بشیر،ٹیکنو کریٹس کی تین مخصوص نشستوں پر کرنل ریٹائرڈ مبشر جاوید ،چوہدری ریاض اختر،میاں محمد سلیم،ورکرز کی پانچ مخصوص نشستوں پر نذیر احمد سواتی، اظہر فاروقی، حاجی ظہور احمد ، حسنین حیدر کاظمی اور خاور حسین شامل تھے۔ اقلیتی دس مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن نے کلین سویپ کیا۔ مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے مسلم لیگ ن کے اقلیتی ممبران میں عفت نعیم، ہدایت مسیح، شوکت لال مسیح، رفاقت مسیح، شہزاد مہوترہ، سونیل گلزار،شہزاد مسیح، شاہد مالک ،فریاد بھٹی اور سرفراز مسیح شامل ہیں۔ خواتین کی 25مخصوص نشستوں پرمسلم لیگ ن کی 23خواتین امیدوار کامیاب ہوئیں ۔ پی ٹی آئی کی واحد نامزد خاتون امیدوار انیلا ساجد بیگ کامیاب ہوئی جبکہ مسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ22 خواتین کامیاب ہوگئیں جن میں شمع عنصر،فریحہ زاہد، ریحانہ خانم، فوزیہ صفدر، اظہرہ آصف اقبال، فرخندہ ملک، ممتاز بیگم، عظمیٰ نذیر، کنول پرویز، سمیرہ امجد،زرقا جاوید، شاہدہ ریاض، قمر سلیم، غزالہ نصرت بیگ، عمرانہ اکرم، نسرین بانو، سمرہ نذیر، رخشندہ آصف ،خدیجہ حسن، طاہرہ عزیز ،پروین اختر اور کوثر جاوید شامل ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی جن خواتین امیدواروں میں مقابلہ برابر رہا ان میں شگفتہ اقبال ، طیبہ فاروق اور حمیدہ پروین شامل ہیں۔ جس میں سے دو کی کامیابی کا فیصلہ ریٹرننگ آفیسر محمود مسعود تمنا کے دفتر میں آج صبح ٹاس کے ذریعے ہو گا۔ مسلم لیگ ن کے کامیاب امیدواروں نے اپنے حامیوں کے ہمراہ ٹاؤن ہال میں جشن منایا ڈول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے۔ سرکاری نوٹیفکیشن 30نومبر کو جاری کیا جائے گا جبکہ ان کا حلف3 دسمبر کو ہو گا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق ضلع کونسل شیخوپورہ کی 25 مخصوص نشستوں پر دلچسپ اور کانٹے دار مقابلہ ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی حمایت یافتہ 20 امیدوار جبکہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ 2 امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ خواتین کی مخصوص 3 نشستوں پر ووٹ برابر ہونے پر فیصلہ آج ٹاس پر ہو گا۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ضلع کونسل حافظ آباد کی 16 مخصوص نشستوں کے انتخابات میں غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے 9 امیدوار‘ پی ٹی آئی کے پانچ امیدوار جبکہ ن لیگ کے حمایت یافتہ دو آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور ضلع کی25 مخصوص نشستوں کے انتخاب میں مسلم لیگ ن نے 17 سیٹیں جیت کر میدان مار لیا جبکہ پی ٹی آئی 5 اور 3 آزاد امیدواران کامیاب جبکہ پیپلز پارٹی کا صفایا ہو گیا۔ ضلع کونسل قصور میں ہونے والے 25 مخصوص سیٹوں کے انتخابات میں کسان کی تین سیٹوں میں سے 2 ن لیگ رئوف نواب 36 ووٹ، ملک خادم حسین 21 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ پی ٹی آئی کے اکبر دیدار سندھو 31 ووٹ لے کر کامیاب اور یوتھ ونگ کی سیٹ پر ن لیگ کے مہر امتیاز ریاض ایڈووکیٹ 81 ووٹ لے کر جیت گئے اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی 1 سیٹ پر مسلم لیگ ن کے بابو اصغر علی 53 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے جبکہ اقلیتوں کی 5 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے لطیف سنگم 19، فیاض مسیح17، صاحب شہزاد 14 اور دائود شریف 13 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ پی ٹی آئی کے ذوالفقار مسیح نے 15 ووٹ لے کر سیٹ اپنے نام کر لی اور خواتین کی 15 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کی 9 خواتین زیب النساء 11 ووٹ، سلماء اسلم 10 ووٹ، نورالنساء 10 ووٹ، عاصمہ انور 8 ووٹ، شاہین دل 7ووٹ، پروین اختر 6 ووٹ، نسرین شوکت 6 ووٹ، حمیدہ بی بی 7 ووٹ اور سلماء بی بی 5 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئیں ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی رخسانہ بیگم 7 ووٹ، کنیز فاطمہ 6 ووٹ، منزہ اکبر 5 ووٹ لے کر جیت گئیں جبکہ مسلم لیگ ن کی سابق MPA شگفتہ شیخ نے بطور آزاد امیدوار 5 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں اور ایوبی بی بی6 اور سکینہ بی بی 6 ووٹ لے کر بطور آزاد امیدوار کامیاب ہوئیں۔گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق میونسپل کارپوریشن گوجرانوالہ کی 24مخصوص سیٹوں میں مسلم لیگ ن 18سیٹوں پر کامیاب جبکہ 6سیٹوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا اور چھ سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوگئے۔غلام دستگیر خان گروپ کی تین خواتین اور یوتھ کی سیٹ پر ان کاحمایت یافتہ امیدوار شکست سے دوچار‘ عثمان ابراہیم گروپ کو ایک اقلیتی سیٹ پر شکست جبکہ سٹی صدر یوتھ ونگ شعیب بٹ کا حمایت یافتہ آزاد امیدوار کامیاب ہوگیا‘ لیگیوں کا جشن‘ضلع کونسل گوجرانوالہ کی 26 مخصوص سیٹوں پر مسلم لیگ ن کے ہم خیال آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا‘پارٹی قیادت نے ن لیگ کے مقامی دھڑوں میں اختلافات کے باعث ضلع کونسل کی سیٹوں کو اوپن کردیا تھا۔ میونسپل کارپوریشن میں خواتین کی 15میں سے 11سیٹوں پر ن لیگی امیدوار کامیاب قرار جبکہ غلام دستگیر خان گروپ کی 3 خواتین کو بری طرح شکست ہوئی، کامیاب خواتین میں شازیہ جمشید بٹ نے 6ووٹ، نسرین اشفاق، سمرا خالد پرویز ڈار، شگفتہ پروین، ثوبیہ اصغر، نشا زاہد نے پانچ پانچ ووٹ، حبیبہ عاصم انیس، نویدہ یوسف کھوکھر، نیلم طفیل نے چار چار ووٹ، حمیرا کاشف، بیگم میاں راحیلہ انصاری نے تین تین ووٹ لئے۔ آزاد امیدواران میں رانی یاسمین نے 4، شاہدہ اقبال شیخ، زبیدہ احسان چودھری، رخسار مصدق نے تین تین ووٹ لئے۔ لیبر کی 2مخصوص سیٹوں پر ناصر کھوکھر 47، میاں ایوب انصاری نے 18 ووٹ حاصل کئے۔ اقلیتی 4 سیٹوں میں سے 3 پر ن لیگ نے کامیابی حاصل کی جبکہ عثمان ابراہیم گروپ کے ایک امیدوار کو شکست ،کامیاب اقلیتی امیدواروں میں اشرف گل نے 17، عاطف عزیز نے 13، یوسف مسیح نے 12 جبکہ آزاد امیدوار اسلم سندھو نے 11 ووٹ حاصل کئے۔ یوتھ کونسلر کی اکلوتی سیٹ پر ن لیگی امیدوار سردار عمر خالد ملک ہار گیا جبکہ سٹی صدر یوتھ وونگ شعیب بٹ کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار ولید شاہ 38 ووٹ لے کرکامیاب ہوگیا۔ ضلع کونسل گوجرانوالہ کی 26مخصوص سیٹوں کو ن لیگ نے اوپن کررکھا تھا اور کسی امیدوار کو پارٹی ٹکٹ جاری نہیں کیا تھا جس وجہ سے ن لیگ کے مختلف دھڑے اپنی اپنی کامیابی کے دعوے کرتے رہے۔ ضلع کونسل میں خواتین کی نشستوں پر زاہدہ پروین نے 8، بیگم زرینہ لیاقت، روبینہ امجد، شاہدہ پروین، شبانہ انجم، صدف نواز، فضا شفیق نے چھ چھ ووٹ، نفیسہ شہزادی، صائمہ شاہد، شمشاد اختر، خدیجہ بی بی، تنویر سہیل نے پانچ پانچ، توقیر سلطانہ، فرزانہ اور سعدیہ عالم نے چار چار ووٹ لئے۔اقلیتی 4 سیٹوں پر عارف مسیح نے 19، مشتاق مسیح نے 17، جاوید عزیز اور جاوید پال نے چودہ چودہ ووٹ حاصل کئے۔ ٹیکنوکریٹ کی 2 سیٹوں پر کامران اولکھ نے 44 اور محمد اقبال نے26 ووٹ لئے۔کسانوں کی 4 سیٹوں پر زاہد چیمہ نے 14، میاں نصیر نے 16، وہاج شوکت نے 19 اور رانا غلام رسول نے 12 ووٹ حاصل کئے۔یوتھ کونسلر کی اکلوتی سیٹ پر رانا نعیم اللہ 49 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ایم پی اے چودھری محمد اقبال گجر پارٹی کی طرف سے ملنے والی خواتین کی مخصوص نشست پر بھی اپنے امیدوار کو کامیاب نہ کراسکے۔ قلعہ دیدار سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ضلع کونسل گوجرانوالہ کی مخصوص نشستوں پر ناہرا گروپ نے میدان مار لیا۔ ٹیکنوکریٹ اور یوتھ کونسلر و دیگر نشستوں پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے مخالف گروپوں پر واضح برتری کا ثبوت دے دیا۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ضلع کونسل ننکانہ صاحب کی مخصوص نشستوں کے انتخابات خواتین کی 14مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کی9 امیدوار، پی ٹی آئی کی 1، آزاد 4، کسان کی تین مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کے 2امیدوار، پی ٹی آئی کا ایک، ٹیکنوکریٹ کی ایک مخصوص نشست پر آزاد امیدوار جبکہ یوتھ کی دو مخصوص نشستوں پر دونوں آزاد امیدوار 32,32ووٹ لیکر برابر رہے ۔ جس میں خواتین کی 14مخصوص نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رضیہ بی بی (7) ووٹ، زیب النساء (4) ووٹ، آمنہ ظفر کھرل(4) ووٹ، شہناز اختر بٹ(4) ووٹ، صغراں بی بی(5) ووٹ، فرزانہ بی بی(4) ووٹ، نسرین کوثر(4) ووٹ، اصغری خانم(3)ووٹ اور بشریٰ وکیل (3) ووٹ لیکر کامیاب ہوئیں ، پاکستان تحریک انصاف کی شاہین فاطمہ کھرل(5) ووٹ لیکر جبکہ چار آزاد خواتین امیدوار سمعیہ بابو (4) ووٹ، تسلیم رائے(4) ووٹ، کنیز بی بی (3) ووٹ اور نغمانہ طاہر (3) ووٹ لیکر کامیاب ہوئیں ۔کسان کی تین مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ(ن) کے جاوید منصور احمد پنوں (13ٌٰ) ووٹ ، محمد جاوید اقبال (12) ووٹ، پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے محمد نواز کھرل (10) ووٹ لیکرکامیاب ہوئے۔ٹیکنو کریٹ کی ایک مخصوص نشست پر آزاد امیدوار رائے حق نواز کھرل (32) ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے جبکہ ضلع کونسل کی یوتھ کی ایک مخصوص نشست پر دو آزاد امیدوار رانا محسن سلطان خاں اورسردار بلال شیر 32,32ووٹ لیکر برابر رہے جس کا فیصلہ کچھ روز بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے سامنے ٹاس کے ذریعے ہوگا۔نامہ نگاروں کے مطابق ضلع کونسل جھنگ کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی۔ ضلع کونسل میانوالی کی مخصوص نشستوں پر کانٹے کے مقابلہ کے بعد پی ٹی آئی نے 8 اور مسلم لیگ ن نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ 4خواتین اور ایک کسان سیٹ پر ووٹ برابر برابر ہونے پر فیصلہ ٹاس کے ذریعے ہو گا۔ بھکر کی 22 مخصوص نشستوں پر نوانی عوامی محاذ (آزاد)15 سیٹیں لے کر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن)7 نشستیں حاصل کرسکی۔ ضلع بہاولپور کی 24 اور میونسپل کارپوریشن بہاولپور سٹی کی 11مخصوص نشستوں پر پولنگ ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) نے اکثریت حاصل کر لی۔ میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کی خواتین کی پانچوں مخصوص سیٹیں مسلم لیگ (ن) نے جیت لیں۔ ضلع کونسل جہلم کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ اعجاز جنجوعہ 19ووٹ جبکہ محمد اسلم کھوکھر 13ووٹ لیکر کامیاب ہوئے، کل 43ووٹ پول ہوئے۔ چکوال میں مسلم لیگ ن کے ایم این اے سردار ممتاز ٹمن اور ایم پی اے سردار ذوالفقار علی خان دلہہ کے امیدوار نے ضلع کونسل چکوال میں کسان نشست کے الیکشن میں صوبائی وزیر ہائوسنگ ملک تنویر اسلم سیتھی اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال کے امیدوار کو شکست دے دی۔ مسلم لیگ ن کی ہائی کمان نے اس کسان نشست کو اوپن چھوڑ دیا تھا۔ باقی دو نشستوں پر مسلم لیگ ن کے محمد عرفان کہوٹ نے19، سلیم رضا نے 18ووٹ حاصل کئے۔ ضلع کونسل ٹوبہ ٹیک سنگھ کی 24مخصوص نشستوں میں سے 14نشستیں چوہدری اسد الرحمن اور چوہدری خالد جاوید وڑائچ گروپ کے آزاد امیدواروں نے جیت لیں ،جبکہ مسلم لیگ نواز کے نامزد امیدوار سات نشستیں اور پی ٹی آئی تین نشستیں جیتنے میں کامیاب ہوئی، ضلع کونسل گجرات کی 25 نشستوں کیلئے30 خواتین سمیت 60 امیدواروں میں سے اکثریتی نشستوں پر مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا جبکہ باقی 10 پر اپوزیشن جماعتیں کامیاب رہیں۔ میونسپل کارپوریشن گجرات کی 9سیٹوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے کلین سویپ کر لیا اور (ق) لیگ کے چیئرمین کے سوا باقی تمام چیئرمینوں نے ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے انتخابی عمل میں حصہ لیا جبکہ ضلع کونسل کی 25نشستوں میں سے 14میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار بیگم‘ رخسانہ کوثر‘ رجانہ رسول‘ کبریٰ ارشد‘ رضیہ بی بی‘ زینت بتول‘ راجہ بونیر‘ سلامت مسیح‘ عظیم مسیح پاکستان تحریک انصاف امینہ نذیر ڈاکٹر فاطمہ ظہرا‘ روقاف مسیح‘ ق لیگ کے سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ سمیرا الٰہی چوہان‘ تصور بشیر اور مختار مسیحی جبکہ آزاد امیدواروں میں فہم الرحمان‘ عاصمہ مقصود‘ صبا سرفراز اور غلام احمد شامل ہیں۔ گجرات پولیس نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر (ق) لیگ کی نشاندہی پر حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کا پولنگ کیمپ اکھاڑ دیا۔نارروال میں مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا، خواتین کی15نشستوں پر مسلم لیگ ن کی 10 امیدوار کامیاب 4آزاد اور ایک سیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کامیاب ہوئی،یو تھ کی ایک سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جبکہ کسان کی تین نشستوں پر ایک مسلم لیگ ن، ایک پی ٹی آئی اور ایک آزاد،اقلیت کی پانچ نشستوں میں سے 3پر مسلم لیگ‘ ایک پر تحریک انصاف اور ایک پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا۔ ڈسٹرکٹ کونسل ساہیوال کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں مسلم لیگ ن نے بھاری اکثریت سے میدان مارلیا۔ ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پر ون ٹو ون مقابلہ میں عبدالغفار 52 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے ان کے مدمقابل امیدوار اشرف دیول نے 34 ووٹ حاصل کئے۔ ٹیکنو کریٹ ‘یوتھ اور کسانوں کی تمام سیٹیں مسلم لیگ ن ‘خواتین کی 12نشستیں مسلم لیگ ن ‘2پاکستان تحریک انصاف اور ایک آزاد نے جیتی ہیں ۔ ضلع کونسل پاکپتن کے انتخابات میں پی ٹی آئی نے میدان مار لیا۔ تحریک انصاف10 جبکہ مسلم لیگ (ن) صرف 7 نشستوں پر کامیاب ہو سکی۔ چنیوٹ میںغلام عباس نسوآنہ گروپ کے ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر میاں شاہد علی نیکو کارہ ایڈووکیٹ نے 22 ووٹ لے کر مسلم لیگ کے ضلعی صدر آفتاب احمد ہرل کو ووٹوں سے شکست دی سید نبیل حیدر شاہ نے یوتھ کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔ بہاولنگر ضلع میں مسلم لیگ ن نے میدان مار لیا، ضلع کونسل کی 25 مخصوص نشستوں میں سے 15پر کامیابی سمیٹ لی۔6آزاد امیدواران جبکہ مسلم لیگ ضیاء کے 2 امیدواران نے کامیابی حاصل کی۔ سیالکوٹ میں ضلع کونسل کی مخصوص سیٹوں کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے متعدد ارکان صوبائی اسمبلی کے امیدوارہار گئے لیکن مجموعی طور پر مسلم لیگ (ن) کے سب سے زیادہ امیدوار لیڈی کونسلرز ، کسان و لیبر کونسلرز ، اقلیتی اراکین منتخب ہوگئے ہیں۔ ضلع کونسل کی خواتین کی 15 ، کسان لیبر کی 3 ، ایک اقلیتی سیٹ پر ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی ارشد وڑائچ ، رانا لیاقت ، منور گل اور آزادکشمیر اسمبلی کے رکن چوہدری اسحاق کے امیدوارہار گئے لیکن مسلم لیگ (ن)کی خواتین اورمرد امیدواروں نے کامیابی حاصل کرلی اور چار سیٹوں پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے جن کا تعلق بھی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہے۔ سرگودھا میں ضلع کونسل میں آزاد امیدوار جبکہ میونسپل کارپوریشن کی نشستوں پر شیر نے میدان مار لیا‘ ضلع کونسل میں آزا دجیتنے والے امیدوار مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ ہیں، اقلیت میں 5 میں سے 3، کسان کی دو سیٹوں پر (ن) لیگ، ایک پر آزاد، جبکہ یوتھ کی سیٹ پر آزاد امیدوار نے میدان مار لیا۔ فیصل آباد میں ضلع کونسل میں زاہد نذیر گروپ اور میونسپل کارپوریشن میں رانا ثناء اللہ گروپ کی مجموعی طور پر برتری رہی۔ ضلع کونسل میں زاہد نذیر گروپ آزاد گروپ کسان کی تین میں سے 2 سیٹیں، 5 اقلیتی میں سے 3، 15خواتین میں سے 9 اور ٹیکنوکریٹ کی واحد سیٹ جیت کر آگے ہیں جبکہ اس گروپ کے محمد عثمان نذیر پہلے ہی بلامقالبہ کامیاب ہو چکے ہیں۔ اس طرح میونسپل کارپوریشن میں رانا ثناء اللہ گروپ کے محمد کاشف چوہدری اور شیرعلی گروپ کے انجینئر بابر شہزاد جیت گئے۔ فیصل آباد میں مخصوص نشستوں کے لئے مسلم لیگ (ن) بمقابلہ مسلم لیگ (ن) ہوا جس میں چودھری شیرعلی گروپ اور رانا ثناء اللہ گروپ کے امیدواروں کے مابین مقابلہ ہوا۔ بعض حلقوں میں راناثناء اللہ گروپ کو برتری حاصل ہوئی تو کئی حلقوں میں چوہدری شیرعلی گروپ کے امیداواروں نے میدان مار لیا۔

مزیدخبریں