لاہور (خبر نگار) چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ آئین پر من وعن عمل نہیں ہورہا، اگر صوبائی خود مختاری کے کردار کو کم کرنے کی کو شش کی گئی تو یہ بہت خطرناک کوشش ہو گی، موجودہ جمہوری نظام میں خامیاں موجود ہیں اور جب تک ادارے آگے نہیں بڑھیں گے تب تک خامیاں دور نہیں ہوں گی، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی جو پامالی ہو رہی ہے اس کی مثال پوری دنیا میں کہیں نہیں ملتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جہانگیر بدر کے انتقال پر ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ رضا ربانی نے کہا کہ جہانگیر بدر نے پارٹی کے لئے بہت کام کیا۔ جب تک ادارے مضبوط نہیں ہوں گے، جمہوریت مضبوط نہیں ہو گی۔ موجودہ حالات میں پارلیمنٹ کو مزید فعال بنانا چاہیے۔ 18ویں ترمیم کے تحت صوبائی خود مختاری کو مکمل طورپر نافذالعمل نہیں کیا جا رہا۔ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ اپنے اصولوں پر قائم رہی، ہم نے سخت سے سخت فیصلے کو بھی خندہ پیشانی سے قبول کیا۔ پرویز مشرف کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پر ویز مشرف نے آئین کو پامال کیا، ڈومور کو لبیک کہا، عدلیہ کو معطل کیا، اس پر آرٹیکل 6کا مقدمہ ہے، اس نے اس ملک کوتباہ کر دیا، جس دن پرویز مشرف نے یہاں آکر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کر لی وہ ہم سب سیاستدانوں کی سیاسی زندگی کا آخری دن ہوگا۔ مودی ایک جنون کی کیفیت میں ہے۔
مشر ف کسی سیاسی جماعت میں شامل ہوئے تو سیاستدانوں کا آخری دن ہوگا: رضا ربانی
Nov 16, 2016