چیئرمین نیب کی ہدایت پر 179 میگا کرپشن مقدمات پر کارروائی شروع

Nov 16, 2017

اسلام آباد(نا مہ نگار) چیئرمین نیب کی ہدایت پر نیب نے 179 میگا کرپشن مقدمات پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 96 بدعنوانی کے ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائر کئے جا چکے ہیں جن پر مجاز عدالتیں قانون کے مطابق ان کو منطقی انجام تک پہنچائیں گی۔ نیب میں اس وقت 25 مقدمات میں انکوائری اور 25 مقدمات تفتیش کے مراحل سے گزر رہے ہیں جبکہ 33 مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جا چکا ہے۔ چیئرمین نیب نے تمام ریجنل بیوروز کو ہدایت کی ہے کہ میگا کرپشن کے تمام مقدمات کو جلد از جلد قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور کسی اثر و رسوخ کی پرواہ نہ کی جائے ۔ عوام کی ہر ماہ کی آخری جمعرات کو جہاں میں نے خود شکایات سننے کا فیصلہ کیا ہے وہاں میں نیب کے تمام ریجنل بیوروز کو بھی یہ ہدایت کرتا ہوں کہ وہ عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کو مقررہ وقت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچائیں، میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کرنے میں ایک لمحہ نہیں لگائوں گا۔ ان خیالات کا اظہار جسٹس (ر)جاوید اقبال نے چیئرمین انسپکشن اینڈ مانیٹرنگ ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نیب میں نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کے مقدمات سالہاسال سے چل رہے ہیں، عوام اپنے حقوق کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہوتے ہیں مگر اب ایسا نہیں چلے گا۔

مزیدخبریں