.کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کی کارروائیاں 14ملزمان گرفتار

Nov 16, 2017

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان رینجرز(سندھ) نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے14ملزمان کو گرفتار کیا۔ یہ ملزمان مختلف جرائم میں ملوث ہیں جن میں سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگ:۔ عوامی کالونی اور نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان محمد کامران اور اشتیاق احمد عرف عالم کوگرفتار کیاجن کی سیاسی وابستگی ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ، وال چاکنگ اورمختلف علاقوں میں پارٹی کے بینرز آویزاں کرنے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ملیر سٹی کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے2 ملزمان شاہ زیب عرف تِلو اور عبید اقبال کو گرفتار کیاجن کا تعلق گھولو لیاری گینگ وارسے ہے۔ملزمان جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ کھوکھرا پاراور نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان سفیان، محمد احد عرف ساغر، شاہد لودھی، ذیشان احمد عرف وِکی اور محمد وحید عرف جمال کو گرفتارکیا۔ملزمان ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری،ہڑتالوں کے دوران گاڑیاں جلانے،وال چاکنگ ،چائنا کٹنگ، لینڈ گریبنگ، بنک ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملو ث ہیں۔زمان ٹاؤن کے علاقے میں رینجرز نے دوران اسنیپ چیکنگ ملزم علی شیرکوگرفتار کیا۔ ملزم لوگوں سے لوٹ مار کرنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ کھوکھرا پار اور نارتھ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 4 ملزمان محمد یوسف، محمد اکرم عرف پلاری، رضوان اور شہزاد کو گرفتارکیا۔ ملزمان علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی بر آمد کرلی گئی ہے۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں