کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں تیزی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس 434.58 پوائنٹس کے اضافے سے 41428.63 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ سرمایہ میں 32 ارب 70 کروڑ 8 لاکھ 18 ہزار494 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ تجارتی حجم میں بھی2 ارب 20 کروڑ 75 لاکھ 23 ہزار55 روپے کی مندی رہی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 2 لاکھ 64 ہزار 966 حصص کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتہ کے چوتھے روز بدھ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حصص کی خرید و فروخت میں تیزی کا رجحان رہا ۔اسی طرح بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس397.69 پوائنٹس کے اضافے سے 14354.02 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 147.32 پوائنٹس کی تیزی سے 19035.30 پوائنٹس پر بند ہوا۔ آل شیئر اسلامک انڈیکس 161.63 پوائنٹس کی تیزی سے 20234.40 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر 387 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 250 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 121 کمپنیوں کے حصص کے بھاﺅ میں مندی اور 16 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔