اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی دارالحکومت سے گلگت جانیوالی پی آئی اے کی پرواز منسوخ ہونے پر گلگت بلتستان اسمبلی کے صوبائی وزیر سیاحت فدا خان اور وزیر قانون اورنگزیب ایڈووکیٹ نے اپنے کوٹ، سویٹرز اور جیکٹس جلا کر ائرپورٹ پراحتجاج کیا، سکیورٹی اہلکاروں کے دھکے ، مسافروں نے دھرنا دیدیا۔ مسافروں نے احتجاج اورپی آئی اے کیخلاف نعرے بازی کی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی موقع پر موجود تھے۔ گلگت بلتستان کی پرواز مسلسل تیسرے روز کینسل کرنے کیخلاف احتجاجاً ایک مسافر نے اپنے سامان کو آگ لگا دی ، گلگت بلتستان کے وزرا نے بطور احتجاج ائرپورٹ لائونج میں اپنے کوٹ، سویٹرز، جیکٹس جلادیں۔ مظاہرین نے کہا گلگت کی پرواز بحال ہونے تک دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ اے ایس ایف اہلکاروں نے احتجاج کرنیوالے مسافروں سے بدتمیزی بھی کی۔دریں اثنا ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے الزام لگایا ہے کہ پی آئی اے عملے نے صوبائی وزرا کیساتھ ہاتھا پائی کی اور گلگت کیلئے پرواز منسوخ کردی۔ ترجمان نے کہا موسم صاف ہونے کے باوجود جان بوجھ کر فلائٹ کینسل کی گئی۔ وفاقی حکومت معاملے کا نوٹس لے۔ ؒہتک آمیز سلوک برداشت نہیں کرینگے۔