شیخوپورہ: ٹول پلازہ حادثے کا مقدمہ درج، ہلاک ٹرالر کلینر چونیاں کا رہائشی نکلا

Nov 16, 2018

فیروزوالہ/شیخوپورہ(نامہ نگار/نمائندہ خصوصی/نمائندہ نوائے وقت) لاہور شیخوپورہ روڈ پر کوٹ عبدالمالک ٹول پلازہ پربدھ کی رات ٹرالر کی آئل ٹینکر کو ٹکر اور آتشزدگی کے نتیجے میں جاں بحق 40سالہ ٹرالر کلینر فریاد چونیا ں کا رہائشی نکلا، مقدمہ درج، 2افراد شدید زخمی، دونوں گاڑیاں اور ان میں موجود2کروڑروپے کا سامان اور ٹول پلازہ کا لاکھوں روپے کیش جل کرتباہ، لوگوں نے گاڑیاں دوڑا کر بمشکل جان بچائی۔ آئل ٹینکر میں موجود 60لٹر تیل اور ٹول پلازہ جل کر خاکستر ہوگئے۔ فیروزوالہ سے نامہ نگار کے مطابق جاں بحق نوجوان کلینر چونیاں کا رہائشی تھا، حادثہ ٹول پلازہ پر ٹیکس ادا کرنے کے دوران پیش آیا، پولیس نے ٹرالر کلینر فریاد کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرلیا، شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آئل ٹینکر ماچھیکے آئل ڈپو کی طرف جارہاتھا، ٹول پلازے پر حادثہ ٹرالر کے بریک نہ لگنے کے باعث پیش آگیاجس کے بعد آگ کے شعلوں نے دونوں گاڑیوں اور ٹول پلازے کو لپیٹ میں لے لیا۔اسلم نامی ایک راہگیراور ٹول پلازہ کا ایک ملازم شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثہ کے بعد لوگوں نے بمشکل گاڑیاں بوتھس سے دور بھگا کر جان بچائی۔ آئل ٹینکر اور ٹرالر کے ڈرائیور فرار ہوگئے۔

مزیدخبریں