لاہور( پ ر) جامع مسجد پیر شیرازی لوہاری دروازہ اور جامع مسجد معصومیہ گلشن دائود مناواں میں عیلاد النبیؐ کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز رہنما صدر مرکزی جمعیت تحفظ پاکستان مولانا محمد علی قادری نے کہا کہ ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبروں کو اللہ تعالی نے جو معجزات فضائل و کمالات عطا فرمائے ہیں وہ سب کے سب اپنے محبوب سید الانبیاء حضرت رحمۃ للعالمینؐ کی ذات مبارکہ میں جمع کر دئیے گئے اور آپ نے پوری انسانیت کے لئے جو رہنمائی فرمائی ہے اس پر عمل کرتے ہوئے دنیا و آخرت کی کامیابیاں حاصل کی جا سکتی ہیں۔ رسول اللہ ؐ نے انسانی معاشرہ خصوصا اہل ایمان اور اپنے امتیوں کی تعلیم و تربیت کی ہمیشہ کے لئے رہنمائی فرما دی ہے۔ آپؐ سے پوچھا گیا کہ میرے حسن سلوک کا سب سے زیادہ مستحق کون ہے تو آپؐ نے تین مرتبہ فرمایا تمہاری ماں اور چوتھی مرتبہ فرمایا تمہارا باپ۔ آپؐ سے پوچھا گیا کہ ماں باپ کا حق اولاد پر کیا ہے تو آپؐ نے فرمایا وہ دونوں تمہاری جنت اور دوزخ ہیں اگر ان سے اچھا سلوک اور ان کی خدمت کرو گے تو جنت میں جائو گے اور اگر ان کی نافرمانی کرو گے تو دوزخ ملے گی۔