فردوس عاشق اعوان سمیت وزرائے مملکت، مشیران معاونین کی تنخواہوں کی تفصیلات ایوان میں پیش

Nov 16, 2019

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی تنخواہ اورمراعات کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردی گئیں۔ اپوزیشن رکن جام عبدالکریم کی جانب سے فردوس عاشق کی تنخواہ و مراعات سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔ وزرا، وزرائے مملکت، مشیران اور معاونین خصوصی کی تنخواہ اور مراعات کی تفصیلات بھی ایوان میں پیش کردی گئیں۔ کابنیہ ڈویژن کے مطابق فردوس عاشق اعوان کا عہدہ وزیر مملکت کے مساوی ہے۔کابینہ ڈویژن کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت کو ماہانہ 4لاکھ 6ہزار ادا کیے جاتے ہیں، جبکہ سرکاری گھر نہ ہونے پر ماہانہ 93ہزار 700روپے ادا کیے جاتے ہیں۔ وفاقی وزیر اور مشیران کو ماہانہ 4لاکھ 48ہزار روپے کی ادائیگی کی جاتی ہے، سرکاری گھر نہ ہونے کی صورت میں وزرا کو ماہانہ ایک لاکھ 3ہزار روپے دیے جاتے ہیں۔ وزرا اور وزرائے مملکت کو سرکاری دوروں کے دوران 3ہزار یومیہ الاونس ملتا ہے۔ ذاتی اور خاندان کے استعمال کے لیے گاڑی اور سیکیورٹی گارڈز کی سہولت بھی دی جاتی ہے، گھر میں چار اے سی، ہیٹرز اور ٹیلی فون کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔

مزیدخبریں