ملک بھر میں ٹماٹروں کے بحران پر قابو پانے کیلئے ایران سے ٹماٹر منگوالیے گئے

پاکستان میں ٹماٹر کے بحران کے پیش نظر ایران سے ٹماٹروں کی درآمد شروع ہوگئی ہے۔ ایران سے ٹماٹروں کی بھاری کھیپ لے کر 4 ٹریلر کوئٹہ اور 9 ٹریلر پاک ایران سرحدی شہر تفتان پہنچے، تفتان پہنچنے والے 9 ٹریلر بھی ایک دو روز میں کوئٹہ پہنچ جائیں گے۔کسٹم حکام کے مطابق ایران سے آنے والے ٹریلروں میں مجموعی طور پر 4 ہزار 500 میٹرک ٹن ٹماٹر لدا ہوا ہے، ایرانی ٹماٹر کوئٹہ سے تعلق رکھنے والی 7 نجی کاروباری کمپنیوں نے درآمد کیے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ایران سے درآمد کیے گئے ٹماٹر کراچی اور پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں فروخت کے لیے بھیجے جائیں گے۔دوسری جانب سوات کے ٹماٹروں کی فصل بھی تیار ہے اور ملک کے مختلف علاقوں میں ان ٹماٹروں کی سپلائی شروع ہوگئی ہے۔زرعی ماہرین کے مطابق سوات میں 500ہزار ایکٹر زمین پر ٹماٹر کی فصل اگائی جاتی ہے، ہر سال سوات میں51 ہزار میٹرک ٹن ٹماٹر کی پیداوار ہوتی ہے۔سوات میں ٹماٹر کے زیادہ تر باغات بریکوٹ اور شموزئی کے مقام پر دریائے سوات کے کنارے واقع ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں ٹماٹر کے بحران کے باعث اس کی قیمت 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی جس کے بعد ٹماٹر درآمد کرنے سے پاکستان میں ٹماٹر کی قیمت میں خاطرخواہ کمی اور استحکام آنے کا قوی امکان ہے۔

ای پیپر دی نیشن