ہالینڈ کے دارالحکومت ایمسٹر ڈیم میں پہلی بار مسجد کےلاڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئیں۔تفصیلات کے مطابق ایمسٹر ڈیم کی بلیو مسجد میں لاﺅڈ اسپیکر سے اذان دی گئی جس پر اہل علاقہ کی جانب سے مثبت رویے کا اظہار کیا گیا۔مسجد کے منتظمین کا کہنا ہے کہ گزشتہ جمعہ کو مسجد کے لاﺅڈ اسپیکر سے اذان دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم نامعلوم تخریب کاروں نے تاریں کاٹ دی تھیں تاہم آج پہلی بار ایمسٹرڈیم کی کسی مسجد کے لاﺅڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔مسجد کے ترجمان نورالدین نے میڈیا کو بتایا کہ جب پہلی بار اذان کی آواز گونجی تو بعض لوگ مسجد کے قریب آکر کھڑے ہوگئے اور اذان کی آواز کو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ کرنے لگے۔ارسولا ین نامی ایک مکین نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار اذان سنی ہے جس پر بڑی خوشی ہوئی اور وہ بہت اچھی لگی۔ایمسٹر ڈیم کے مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ہالینڈ میں واقع مساجد میں سے صرف 7 فیصد مساجد کے لاﺅڈ اسپیکر پر اذان دی جاتی ہے اور آج پہلی بار دارالحکومت میں کسی مسجد کے لاﺅڈ اسپیکر سے اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہوئی ہیں۔