حکومت ملتان اور لاہور جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبراگئی، راناثناء اللہ

Nov 16, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)  پاکستان مسلم لیگ(ن)  پنجاب کے صدر راناثناء اللہ خان  نے  ملتان سے لیگی ایم این اے عبدالغفار ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب عثمان بزدار کے آلہ کار نہ بنیں،حکومت ملتان اور لاہور جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبراگئی ہے،عمران خان نے یہ حرکت کارکنوں کو اشتعال دلانے کے لیے کی ہے،اگر عبدالغفار ڈوگر کو فوری رہانہ کیا تو حالات کی سنگینی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔ اتوار کو  سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں رانا ثناء اللہ خان  نے کہا کہ عبدالغفار ڈوگر کو صبح نماز فجر کے وقت اینٹی کرپشن نے گھر پر چھاپہ مار کے گرفتار کیا،اینٹی کرپشن پنجاب نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کیا،عبدالغفار ڈوگر پر الزام ہے کہ 20سال قبل انہوں نے ایک مکان خریدا لیکن اس کا انتقال درست نہیں تھا،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو شرم آنی چاہیے،یہ صرف ملتان جلسے کو سبوتاژ کرنے کے لیے ایک بہانہ ہے،ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب عثمان بزدار کے آلہ کار نہ بنیں،عثمان بزدار جس پر بے تحاشہ کرپشن کے الزامات ہیں،عثمان بزدار کے ہر دوسرے دن فرنٹ مین سامنے آرہے ہیں،حکومت ملتان اور لاہور جلسے کی عوامی پذیرائی سے گھبراگئی ہے،عمران خان نے یہ حرکت کارکنوں  کو اشتعال دلانے کے لیے کی ہے،اگر عبدالغفار ڈوگر کو فوری رہانہ کیا تو حالات کی سنگینی کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہو گی۔

مزیدخبریں