اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) گلگت و بلتستان انتخابات کے سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ایک خفیہ مفاہمتی یادداشت پر انتخابات سے دو دن قبل دستخط کئے گئے جو اب منظر عام پر آگئی ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت ایم کیو ایم نے2 نشستوں پر اپنے امیدوار تحریک انصاف کے امیدوار کے حق میں دست بردار کرائے۔ معاہدے پر دستخظ ایم کیو ایم کے امین الحق اور تحریک انصاف کے زلفی بخاری کی جانب سے کئے گئے ہیں۔ ایم کیو ایم نے مذکورہ دونوں نشستوں (اسکردو1 اور دیامیر 1) پر تحریک انصاف کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا۔ ایم کیو ایم کی جانب سے گلگت بلتستان کے عوام سے تحریک انصاف کے امیدواروں کی مکمل حمایت اور ووٹ ڈالنے کی اپیل بھی کی گئی تھی۔ یادداشت کے مطابق ایم کیو ایم نے9 نکاتی ایجنڈے پر پی ٹی آئی کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ اس مفاہمتی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو جلد آئینی صوبہ بنایا جائے گا، جی بی کے لیے جلد میڈیکل اور انجینئرنگ یونی ورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کھیلوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات کئے جائیں گے۔