گلگت (نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان الیکشن کے موقع پر سکردو میں یادگار شہدا کے قریب پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔ دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھرائو کیا اور نعرے بازی کی۔ پولیس کے مطابق کارکنوں کے پتھرائو کی زد میں آکر دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پی ٹی آئی کی ریلی پیپلز سیکرٹریٹ کے سامنے سے گزر رہی تھی۔ چیف الیکشن کمشن نے کارکنوں کے تصادم کا نوٹس لے لیا۔ نگران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے ڈی آئی جی بلتستان کو لڑائی پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کردی اور کہا کہ گلگت بلتستان کا الیکشن دنیا کیلئے مثال ہے۔ پوری قوم کو الیکشن کے پرامن انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پولیس کے مطابق مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور شیلنگ کی گئی۔