اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کا جذبہ اس بات کی غمازی کرتا کہ وہ تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ اتوار کو وفاقی وزیر اطلاعات سینٹر شبلی فراز نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام اپنے روشن مستقبل کیلئے رائے دہی کا جمہوری حق استعمال کر رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام کا جذبہ اس بات کی غمازی کرتا کہ وہ تبدیلی کے خواہاں ہیں۔ گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے ایک دہائی سے ان پر مسلط نا اہل ٹولہ مسترد کر دیں گے۔ کیونکہ انکی ترجیح کبھی عوام کی بھلائی نہیں رہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے گلگت بلتستان کے عوام کو مبارکباد دیتے کہا ہے کہ پولنگ کا عمل پرامن طور پر مکمل ہوا۔ انتخابی عمل میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔ میڈیا اور عوام نے الیکشن میں دھاندلی کا بیانیہ رد کر دیا ہے۔