کراچی(کامرس رپورٹر)انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے چیئرمین الماس حیدرنے کہا ہے کہ پاکستان کی آٹو انڈسٹری کی سالانہ گنجائش2026تک 80لاکھ گاڑیوں تک بڑھ جائے گی۔پاکستان ایسوسی ایشن آف آتوموٹیوپاٹس ایکسرسریزمینوفیکچررز (پاپام) کے سالانہ عشائیہ میں خطاب کرتے ہوئے الماس حیدر نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی میں برآمدات اورانڈسٹری کی گنجائش میں توسیع کو خصوصی اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کی بدولت 2026تک ملک میں6لاکھ کاریں،ایک لاکھ ٹریکٹرزاور70لاکھ موٹر سائیکلیں سالانہ تیار کی جائیں گی۔اس موقع پر پاپام کے کنوینر برائے پاکستان آٹو شوذین شارق نے کہا کہ آٹو شو مقامی کمپنیوں اورکاروباری اداروں کیلئے اپنی صلاحیتوں کو اجاگرکرنے کا ایک بہت اہم موقع ہے،آٹو شو پاکستان میں انجینئرنگ کی مہارت اورمینوفیکچرنگ انڈسٹری میں ویلیوایشن کو سامنے لانے کا اہم ذریعہ ہے اور اس شو کے ذریعہ پالیسی میکرزبھی مقامی صنعت میں ترقی کا مشاہدہ کرتے ہیں۔زین شارق نے کہا کہ آٹو شو میں شرکت کیلئے بجلی سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں بھی گہری دلچسپی لے رہی ہیں اور گاڑیوں کے نئے ماڈلز متعاورف کرانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔پاپام کے چیئرمین رزاق گوہر نے کہا کہ پاپام نے آٹو انجینئرنگ انڈسٹری کی ترقی اورنئے کاروباری امکانات پیدا کرنے میں ہمیشہ اہم کردارادا کیا ہے۔سالانہ عشائیہ میںسبکدوش چیئرمین عبدالرحمٰن اعزاز،سابق چیئرمین مشہودعلی خان،ادریس اللہ والا ،ایم کے بانااور دیگر بھی موجود تھے۔