پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر کا دورہ ترکی: کثیر الملکی‘ دوطرفہ مشقوں میں شرکت


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز عالمگیر نے اکساز نیول بیس، ترکی کا دورہ کیا اور کثیرالملکی سمندری مشق ڈوگواکڈینیز میں شرکت کی۔ کثیرالملکی سمندری مشق میں وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے پاک بحریہ کی نمائندگی کی۔ بندرگاہ آمد پر پاکستان کے نیول اتاشی، ترکی کے سیکنڈ ڈسٹرائر سکواڈرن کے کمانڈر اور ترک بحریہ کے افسران نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران مشن کمانڈر کموڈور اظہر محمود نے کمانڈنگ آفیسر پی این ایس عالمگیر کے ہمراہ ترک بحریہ کے اعلی حکام بشمول کمانڈر ترک میری ٹائم فورسز سے ملاقات کی۔ میزبان معززین نے بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مشن کمانڈر نے چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی طرف سے ترکی کی عوام کے لئے بالعموم اور ترک بحریہ کے لئے بالخصوص نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مشق نے پاک بحریہ کو عالمی بحری افواج کے ساتھ کثیر النوع خطرات کے ماحول میں جنگی تیاری اور باہمی تعاون کو بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔ مشق ڈوگواکڈینیز 21 میں پاک بحریہ کی شرکت کا مقصد عالمی مشترکہ مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس عالمگیر نے مشرقی بحیرہ روم میں ترک بحریہ کے ساتھ مشترکہ گشت اور دو طرفہ مشق ترگت ریز میں حصہ لیا۔ مشق کے دوران عسکری حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا جس میں میزائل انگیجمنٹ، سیمین شپ کی مشقیں اور ہیلی کاپٹر آپریشنز شامل ہیں۔

ای پیپر دی نیشن