سری نگر (کے پی آئی+ این این آئی) شوپیاں، پلوامہ، بارہمولہ، راجوری اور پونچھ اضلاع میں بھارتی فوج نے نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ بھارتی فوج نے سرینگر کے علاقہ حیدر پورہ میں ایک اور نوجوان کو شہید کر دیا۔ علاقے میںفوجی آپریشن ایک حملے میں ایک پولیس اہلکار کے زخمی ہونے کے بعد شروع کیا گیا۔ بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں اضافی فورسز دستوں کے آنے کے بعد تلاشی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ سی آر پی ایف کے ایک افسر نے بتایا ہے کہ سری نگر میں بھارتی فورسز اہلکار روزانہ 15 ہزار لوگوں کی ناکوں پر تلاشی لیتے ہیں جبکہ 7 سے 8 ہزار گاڑیوں کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔ دوسری جانب اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین پیر عبدالصمد انقلابی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے جموں کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لیں اور مسئلہ جموں وکشمیر کے پر امن حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔