اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر قومیں ترقی نہیں کرتیں، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں دارالفلاح میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ علوی، چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا اور ادارے کے فاونڈر ممبر اور ان کے پسماندگان بھی موجود تھے ۔صدر مملکت نے 1926 میں قائم ہونے والے اس ادارے کی تعلیمی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ برصغیر پاک و ہند میں تعلیمی اداروں کے قیام اور فروغ کے لئے سر سید احمد خان سمیت مسلمان اکابرین کا کردار ایک درخشاں باب ہے جس کو جاری و ساری رکھنے کے لئے حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور فلاحی اداروں کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں فلاحی ادارے فروغ تعلیم کے لئے حکومت کا ہاتھ بانٹنے کے لئے تیار ہیں اور کچھ صوبوں میں نجی اداروں کی معاونت کے لئے ون لائن بجٹ کا تصور کامیاب رہا ہے ،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دارالفلاح کوئٹہ کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔انہوں نے کہا کہ دارالفلاح سمیت اس طرح کے فلاحی اداروں کی معاونت اور سرپرستی کی جائیگی۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے، بلوچستان کیلئے خصوصی ترقیاتی پیکج سے صوبے میں خوشحالی آئے گی، خصوصی افراد اور بلوچستان کے نوجوانوں کو حکومت کی قرض سکیموں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی جائے۔ پیر کوایوان صدرکے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان سید ظہور آغا، وزیر اعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا مفید اور کارآمد شہری بنانا ضروری ہے، خصوصی افراد کو باہنر بنانے کیلئے ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز کے دائرہ کار کو وسعت دینا ہوگی، خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں جنہیں ہنر مند بنانے کی ضرورت ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے معیاری تعلیم کا فروغ نا گزیر،فلاحی اداروں کو بھی کردار ادا کرنا ہو گا:صدر علوی
Nov 16, 2021