لاہور (آئی این پی ) ملک بھر میں ڈینگی کے حملے جاری ہیں، پنجاب میں ڈینگی کے مزید 103 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ اسلام آباد اور خیبرپی کے میں بھی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پنجاب میں ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 21 ہزار 507 ہے جبکہ اب تک جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 93 ہو گئی ہے، پنجاب کے تمام شہروں سے ڈینگی کے مزید کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اسلام آباد میں بھی ڈینگی کے مزید 12 کیس سامنے آئے جس کے بعد ڈینگی کے مجموعی کیسز کی تعداد 4 ہزار 364 ہوگئی ہے۔ ادھر خیبرپی کے میں بھی مزید 108 مریض رپورٹ ہوئے۔ صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 9 ہزار 324 ہوگئی ہے۔اسلام آباد میں ڈینگی کیسز کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کا کہنا ہے کہ رورل ایریا سے 7 اور اربن ایریا سے 5 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کہنا ہے کہ رواں سیزن میں 4 ہزار 364 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 19 افراد ڈینگی کے باعث انتقال کر گئے۔دوسری جانب صوبہ پنجاب میں بھی ڈینگی کیسز کی صورتحال تشویشناک ہے، گزشتہ روز صوبے میں ڈینگی کے باعث 4 اموات ہوئیں جس کے بعد رواں سیزن پنجاب میں ڈینگی سے مجموعی اموات کی تعداد 90 ہوچکی ہے۔
ڈینگی کے حملے جاری مزید 4افراد جاں بحق، پنجاب میں 103نئے کیسز رپورٹ
Nov 16, 2021