سکھر (این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید احمد شاہ کی عدالت سے ضمانت پر رہائی کے بعد ان کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ کو بھی ضمانت پر جیل سے رہائی مل گئی۔ جیل سے باہر آنے پر پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیموں کے سینکڑوں کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور جلوس کی صورت میں ان کی رہائش گاہ لے جایا گیا۔ ایم پی اے فرخ شاہ کی ضمانت کے آرڈرز سکھر کی احتساب عدالت کی جانب سے ایک کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد جاری کیے گئے جس کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ واضح رہے کہ فرخ شاہ نے بارہ جون 2021 کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری پیش کی تھی۔ وہ پانچ ماہ تین دن جیل میں رہے۔