کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر کراچی کے حلقے NA-243 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوارشیخ محمد شاہجہاں نے قائد مسلم لیگ(ن) میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھ حاجی شکیل کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد میاں محمد نواز شریف اور محترمہ مریم نواز شریف کی بے گناہی کی گواہی کا راستہ زمین وآسمان کے مالک کی طرف سے ہموار ہورہا ہے۔جج ارشد ملک ہو یا رانا شمیم قدرت سب سے سچ اگلوا رہی ہے۔ عوام کی خدمت اور پاکستان کو محفوظ ریاست بنانے والے میاں محمد نواز شریف کی آزمائش کے دن اپنے اختتام کی طرف جا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ وقت دنیا کی عدالتوں سے بھی بڑا منصف ہے۔ قائد اور ان کی صاحبزادی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے اب کسی سرٹیٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں رہ گئی ہے۔ حکمرانوں کا انتقام اور ماضی کے چیف جسٹس کے ظلم اور نا انصافیاں اب خود بول رہی ہیں۔ میرے رہبر اور قائد کے خلاف سازشیں دم توڑ رہی ہیں اور ان شا اللہ بہت جلد میرے رہبر و قائد میاں محمد نواز شریف اپنے عوام کے درمیان ہونگے