اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ)حکومت کی طرف سے پنجاب کے 18 کالجز میں آسان اسائنمنٹ اکانٹ متعارف کروانے کے خلاف پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن(پپلا)لوکل یونٹ گورنمنٹ گورڈن کالج راولپنڈی کے تحت آج صبح 11 بجے گورڈن کالج تا راولپنڈی پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، قیادت پپلا کے مرکزی صدر ڈاکٹر طارق کلیم اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صاحبزادہ احمد ندیم کریں گے۔ ریلی میں راولپنڈی بھر کے کالجز کے پروفیسرز اور طلبہ بھرپور شرکت کریں گے۔ آسان اسائنمنٹ اکانٹ کالجز کی نجکاری کی جانب ایک قدم ہے۔ اس کے تحت کالجز کے پروفیسرز کو اب ڈسٹرکٹ اکانٹ آفس کی بجائے کالج کی سطح پر تنخواہ منتقل کی جائے گی جس میں اساتذہ کو بیشمار مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مینیوئل انٹریز کے ساتھ ساتھ ڈسپیریٹی ریڈکشن الانس کا معاملہ بھی کھٹائی میں پڑ جائے گا۔ اساتذہ کو ریٹائرمنٹ اور ٹرانسفر کے معاملات میں بھی انتہائی پیچیدگی اور مشکلات سے دو چار ہونا پڑے گا۔ سرکاری کالجز کی خودمختاری اور نجکاری کے نتیجے میں طلبا کو بھاری فیسیں ادا کرنا پڑیں گی۔ اس لیے یہ حکومتی قدم طلبا اور اساتذہ دونوں کے لیے نقصان دہ ہے۔