ملتان (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے کہا ہے کہ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے پارکوں میں تمام عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ ملتان شہر کے چوکوں کی بیوٹی فکیشن کے لئے ضلعی انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں گے۔ شہر کے ترقیاتی کاموں اور خوبصورتی میں اضافہ کے لئے مشترکہ کاوشوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عامر خان اور چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار سے ملاقات کے موقع پر کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تفریح کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ شجر کاری کے فروغ کے لئے تمام طبقہ ہائے فکر کے افراد کو حصہ لینا ہوگا۔ ملتان شہر کی خوبصورتی اور ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
ملتان کی خوبصورتی اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت : سیکرٹری ہاؤسنگ
Nov 16, 2021