سیلاب سے پنجاب میں 81اموات،55,452 گھر تباہ ہوئے ،سروے 

Nov 16, 2022


لاہور(سپیشل رپورٹر) سیلاب سے ہونےوالے نقصانات کا تخمینہ لگانے کیلئے جامع سروے کا عمل مکمل کر لیا گیا ۔پاک فوج، پی ڈی ایم اے، اربن یونٹ، ریونیو سمیت دیگر اداروں نے ہر بستی کے گھر گھر جا کر سروے کا عمل مکمل کیا ۔مجموعی طور پر پنجاب میں سیلاب سے 55,452 گھر تباہ ہوئے جن میں 47,585 کچے اور 7867 پکے گھر تباہ ہوئے۔ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کو پکے گھر کے گرنے پر چار لاکھ اور کچے گھر کے گرنے پر دو لاکھ روپے کی مالی امداد دے گی۔ پکے گھر کے جزوی نقصان پر دو لاکھ اور کچے گھر کے جزوی نقصان پر 50000 ہزار روپے ازالہ کیا جائےگا۔ سیلاب سے مجموعی طور پر 652 جانور ہلاک ہوئے جن میں 494 چھوٹے اور 158 بڑے جانوروں کی ہلاکت ہوئے۔حکومت پنجاب بڑے جانور کی ہلاکت پر 75000 ہزار روپے اور چھوٹے جانور کی ہلاکت پر 5000 ہزار روپے کی مالی امداد دے گی۔ حالیہ سیلاب سے چار لاکھ تیس ہزار ایکڑ پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کو فی ایکڑپانچ ہزار روپے مالی امداد بھی فراہم کرےگی اور مالی امداد پانچ ایکڑ رقبے تک دی جائےگی۔سروے کے مطابق حالیہ سیلاب میں 81 افراد کی اموات ہوئیں ہیں، حکومت پنجاب سیلاب سے وفات پانے والے افراد کے لواحقین میں 10,10 لاکھ روپے کی امدادی رقم پہلے ہی تقسیم کر چکی ہے ۔مجموعی طور پر81 افراد کے لواحقین میں آٹھ کروڑ دس لاکھ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید نے سروے کے حوالے سے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے متاثرین کی بحالی کے لیے امدادی رقم میں کئی گنا اضافہ کیا گیا ہے۔

، حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی پر 12 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کرے گی۔بعد ازاں پی ڈی ایم اے کے کمیٹی روم میں بینک آف پنجاب اور پی ڈی ایم اے درمیان سیلاب متاثرین میں رقوم کی تقسیم کے حوالے سے معاہدے کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ریلیف کمشنر زاہد اختر زمان، ڈائریکٹر آپریشن پی ڈی ایم اے ڈاکٹر فیصل سلیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی، معاہدے پر دستخط ڈی جی پی ڈی ایم اے فیصل فرید اور گروپ ہیڈ سٹاف بینک آف پنجاب نوفل داود نے کیے۔

مزیدخبریں