کراچی (نیوز رپورٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چند روز قبل غیر قانونی تارکین وطن کی غیر قانونی بستیوں میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو بند کروانے کیلئے جانے والے واٹر بورڈ کے افسرکا قتل اور اسکے بعدگزشتہ روز غیر قانونی تارکین وطن سے رفاہی پلاٹ خالی کروانے کیلئے جانے والے سندھ حکومت کے افسر مختار کار کا قتل سندھ حکومت اورسندھ میں قانون نافذکر نے والے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ روز کی بنیاد پر سیکڑوں تارکین وطن کراچی آرہے ہیں اور بغیر کسی روک ٹوک کے غیر قانونی بستیاں بسا رہے ہیں جس سے کراچی کا بنیادی ڈھانچہ ہی تباہ نہیں ہورہا ہے بلکہ امن و امان کے سنگین مسئلے پیدا ہورہے ہیں۔آفاق احمد نے کہاکہ پڑوسی ملک سے آنے والے تارکین وطن کو انکے کیمپوں تک محدود رکھا جانا چاہیے۔آفاق احمد نے کہا کہ سندھ کو تباہی سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ حکومت سندھ غیر قانونی تارکین وطن کی کراچی آمد کا سلسلہ روکے اور غیر قانونی تارکین وطن کی جانب سے صوبے میں جائیدادیں خریدنے اور کاروبار کرنے پر پابندی لگائی جائے۔ آفاق احمد نے سرکاری ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے قتل ہونے والے افسران کے اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کاحکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں آفسران کے پسماندگان کی نہ صرف مالی امداد کرکے داد رسی کی جائے بلکہ پسماندگان کو سرکاری ملازمت دیکر ان کی قربانی کا اعتراف کیا جائے۔
آفاق احمد