خواجہ اظہار کراچی کو پنڈ نہ سمجھیں،وقت کا انتظار کریں :الطاف شکور


کراچی (نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی 
کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن اور ان کے سہولت کار کراچی کو پنڈ نہ سمجھیں وقت کا انتظار کریں۔ اہلیان کراچی آپ کو آپ ہی کے لب و لہجے میں بھرپور جواب دیں گے۔ یہ جواب مایوسیوں اور ناانصافیوں کے اندھیروں میں دھکیلے گئے عوام کی جانب سے ایک ایسا سبق ہوگا جسے تاریخ رہتی دنیا تک یاد رکھے گی۔ کراچی کی عوام باشعور اور نوجوان باہمت ہیں۔ وہ اب مزید ایم کیو ایم کی جانب سے دکھائے گئے سبز باغوں کے جھانسوں میں نہیں آئیں گے۔ایم کیو ایم آج تک کراچی کے عوام کے بنیادی مسائل کوٹہ سسٹم کے خاتمے، آبادی کے حساب سے ملازمتوں اورر وسائل کی تقسیم و فراہمی، سیوریج کے بدترین نظام کی اوورہالنگ، سڑکوں کے انفرااسٹرکچرکی بہتری، ٹرانسپورٹ کے جدید نظام کی فراہمی اور صحت و تعلیم جیسے مسائل کو نظر انداز کر کے مختلف برسراقتدارسیاسی جماعتوں سے اتحاد کرتی رہی ہے اور عوام کو محض وعدوں پر ٹرخاتی رہی ہے۔ عوام حقیقت جان چکی اور انہیں پہچان چکی ہے۔ سب نے مایوس کیا ہے، اہل کراچی اب نہ تو کسی سیاسی جماعت کے بہکاوے میں آئیں گیاور نہ ہی کسی دھوکے کا شکار ہوں گے۔ کراچی کے مسائل کا واحد حل پاسبان کے دیرینہ مطالبے کراچی کو چارٹرڈ سٹی کے آئینی حق دینے میں ہی پوشیدہ ہے۔خواجہ اظہار الحسن کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا متحدہ نے کوٹہ سسٹم پر سیاست کی، تیس سال حکومت میں شامل رہے،عوام کو بنیادی حقوق دلانے کے بجائے'' دام ''وصول کرتے رہے اور آنکھیں بند کیے رکھیں، قانون سازی پر توجہ نہیں دی۔ عوام طرح طرح کے دھوکے کھا کر اب باشعور ہو چکے ہیں۔ ووٹ کے ساتھ ساتھ شعور کو بھی استعمال کرتے ہوئے خدمت کی سیاست کو ہی منتخب کریں گے#
الطاف شکور

ای پیپر دی نیشن