پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس‘ 30نومبرکو نشتر پارک میں جلسہ ہو گا

Nov 16, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں کراچی ڈویژن کے تحت نشتر پارک کراچی میں جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس سے صوبائی اور کراچی ڈویژن کی قیادت خطاب کریں گی۔پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس صوبائی صدر سینیٹر نثار احمد کھوڑو کہ زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری و معاون خصوصی وزیر اعلی سندھ وقار مہدی‘ کراچی ڈویژن کے صدر و وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی ، عاجز دھامرا، نعمان شیخ، مرزا مقبول، تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز، پیپلز ڈاکٹرز فورم، پیپلز لیبر بیورو، پیپلز یوتھ ، پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن ، پیپلز لائرز فورم، پیپلز منارٹی ونگ کے صدور و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، پارٹی کی تنظیم نو اور 30نومبر کو پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کی اعلی قیادت کے فیصلے کے تحت کراچی ڈسٹرکٹ کے تحت پیپلز پارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کا جلسہ 30نومبر کو دوپہر 2بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے تمام اضلاع کی تمام یوسیز اور وارڈز کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کے لئے امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں پارٹی کے سٹی ایریاز کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس سے وقار مہدی‘ صوبائی وزیر و کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے کہا کہ جلسہ کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ کراچی ڈویژن کے صدر جبکہ ممبران میں تمام اضلاع کے صدور و دیگر ذیلی تنظیموں کے عہدیدار و کراچی ڈویژن کے عہدیدار شامل ہوں گے۔
 پیپلز پارٹی کا یوم تاسیس

مزیدخبریں