سید فرقان ولد حبیب الرحمن کو منگھوپیر کے علاقے فلٹر پلانٹ کے قریب ڈکیتی مزاحمت پرقتل کیا گیا تھا


کراچی (نیوز رپورٹر)ضلع ویسٹ پولیس نے واٹر بورڈ افسر کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا، ملزم متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔یکم نومبرکو واٹر بورڈ کے سرکاری افسر سید فرقان ولد حبیب الرحمن کو منگھوپیر کے علاقے فلٹر پلانٹ کے قریب قتل کیا گیا تھا۔واقعہ ڈکیتی مزاحمت پر موٹرسائیکل چھیننے کے دوران پیش آیا تھا ، واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل ملزم کے قبضے سے برآمد کرلی گئی ہے۔ایس ایچ او منگھو پیر نے ٹیکنیکل بنیادوں پر چھاپہ مار کاروائی کر کے ملزم ایوب ولد امداد حسین کو گرفتار کیا۔ملزم سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا 9ایم ایم پسٹل بمعہ ایمونیشن، چھینا گیا موبائل فون، نقدی، 02 موٹر سائیکلز برآمد کی گئیں۔ زیر استعمال برآمدہ موٹرسائیکل نمبر KLF-2163بھی اسلحہ کے زور پر تھانہ منگھوپیر کے علاقے سے چھینی گئی تھی۔ برآمدہ دوسری بغیر نمبر موٹرسائیکل ملزمان نے دوران ڈکیتی واٹر بورڈ کے سرکاری افسر کے قتل میں استعمال کی تھی۔ برآمدہ موبائل فون اور نقدی منگھوپیر نادرن بائی پاس سے اسلحہ کے زور پر شہری محمد امیر سے چھینی گئی تھی۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے فرار ساتھی کے ہمراہ 18سے زائد موٹرسائیکل چھیننے کا انکشاف کیا ہے، جن کو ملزمان کھول کر بھی فروخت کردیتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن