سندھ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ،سینٹ پیٹرک ہائی اسکول نے ٹرافی اپنے نام کرلی


کراچی (اے پی پی)سینٹ پیٹرک ہائی اسکول نے انٹر اسکول ڈسٹرکٹ ملیر ٹرافی اپنے نام کرلی،اسٹینڈرڈ گرامر اسکول کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اور حکومت سندھ کے تعاون سے منعقدہ سندھ انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ ڈسٹرکٹ ملیر کا تاج سینٹ پیٹرک ہائی اسکول نے اپنے سر سجالیا۔ فائنل میں اسٹینڈرڈ گرامر اسکول کو یکطرفہ مقابلے کے بعد دس وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر نیشنل اسٹیڈیم پر کھیلے گئے فائنل میں اسٹینڈرڈ گرامر اسکول کی ٹیم صرف 79رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ موسی افضل 28 اورحسن عباسی 26رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ایم سفیان نے تباہ کن بولنگ کی اور 19 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں  فاتح ٹیم نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔ ایشون جون نے 56رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پریشانت روی نے 13رنز بنائے۔ محمد سفیان مین آف دی میچ قرار پائے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن محمود حامد نے بطور مہمان خصوصی انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر جی ایم ایس سی اے سید راحت علی شاہ، فوکل پرسن و پرنسپل سینٹ پیٹرک اسکول میڈم نزہت، اسپورٹس آرگنازر محمد نظام، سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہمایوں ناز اور شکیل سجاد بھی موجود تھے۔ کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوے محمود حامدنے کہا کہ پی  سی بی گراس روٹ لیول سے ٹیلنٹ برامد کرنے کے لئے کوشاں ہے اور یہ انٹر اسکول ٹورنامنٹ اسکی ایک کڑی ہے جو اسکول کی سطح پر اپنی نوعیت کا واحد ٹورنامنٹ ہے۔

ای پیپر دی نیشن