فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے معروف صنعتکار زبیر موتی والا کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ وہ پاکستانی برآمدات بڑھانے کے سلسلہ میں جامع اور نتیجہ خیز اقدامات اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات میں تنوع کی بھی اشد ضرورت ہے تاکہ ٹیکسٹائل کے ساتھ ساتھ دیگر شعبوں کے برآمدی پوٹینشل سے بھی فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں خاص طور پر آئی ٹی کے شعبہ کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے کیونکہ اس شعبے پر انتہائی کم خرچ سے بھاری زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولٹری اور گوشت کے شعبوں پر بھی توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ دنیا بھر میں حلال خوراک کی طلب میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی ملک ہے اس لئے یہاں حلال خوراک کے علاوہ کسی دوسری خوراک کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا اس لئے TDAPکو خاص طور پر عرب ممالک کیلئے گوشت کی برآمد بڑھانے پر توجہ دینا ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ زبیر موتی والا اپنی خدا داد صلاحیتوں کو بروئے کا ر لاتے ہوئے ایسے اقداما ت اٹھائیں گے جن سے فوری طور پر برآمدات کو بڑھا کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا جاسکے گا۔