کراچی (کامرس رپورٹر)دنیا کی معروف پروفیشنل اکاؤنٹنسی باڈی (ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاونٹنٹس) اے سی سی اے نے اپنی سالانہ جنرل میٹنگ میں اہم تعیناتیوں کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق جوزف اوولابی کو اے سی سی اے کا صدر اور عائلہ مجید کونائب صدرمقرر کیا گیا ہے۔جوزف اوولابی 2011 میں اے سی سی اے کے رکن بنے اور 2014-2015 میں اے سی سی اے کی انٹرنیشنل اسمبلی میں اپنی خدمات دینے کے بعد 2015 سے اے سی سی اے کونسل کے رکن ہیں جبکہ نو منتخب نائب صدر عائلہ مجیدنے 2006 میں اے سی سی اے میں شمولیت اختیار کی اور 2014 سے اے سی سی اے کونسل میںاپنی خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔ پاکستانی خاتون عائلہ مجیداے سی سی اے کی 118 سالہ تاریخ میں پہلی جنوبی ایشیائی خاتون ہیں جو نائب صدرمنتخب ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ عائلہ مجید ایک بین الاقوامی مقررہ ہیںجوڈیجیٹلائزیشن،موسمیاتی تبدیلی ، توانائی کے مستقبل اور پائیدار انفراسٹرکچر جیسے موضوعات پر مہارت رکھتی ہیں اور ورلڈ اکنامک فورم کی گلوبل فیوچر کونسل آف انرجی ٹرانزیشن کی عالمی رہنما کے طور پر بھی جانی جاتی ہیں جبکہ پاکستان میں وہ توانائی، فارماسیوٹیکل جیسے شعبہ جات پرمبنی سرکاری و نجی اداروں کے بورڈز کی اہم رکن ہیں۔اس تعیناتی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عائلہ مجید نے کہا کہ"ایک فنانس پروفیشنل ہونے کی وجہ سے مجھے ان لوگوں میں شامل کیا گیا ہے جو ایک پائیدار دنیاکی ترقیکا حل تیار کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اے سی سی اے ہمیشہ اپنے اعلیٰ معیارات کی بدولت نوجوان پاکستانیوں کو عالمی دنیا میں اپنااثر پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ترقی سے بھر پور کیریئر کی راہیں فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے"۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے اے سی سی اے کے نو منتخب صدر جوزف اوولابی نے کہا کہ" اے سی سی اے اراکین، مستقبل کے اراکین اور شراکت داروں کے لیے ایک جامع عالمی برادری ہے جواکاؤنٹنسی کے پیشیسے منسلک کمیونٹی کو جوڑنے اورمستقبل کے اکاؤنٹنٹس کی رہنمائی کیلئے کام کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آج کے چیلنجز اورمستقبل کی پیچیدگیوں کے باوجود ایک بہتر دنیا بنانے میں اکاؤنٹنسی کے پیشے کاایک کلیدی کردار ہے"۔