عمران کے توشہ خانہ  تحا ئف فرح کے زریعے 20لاکھ ڈالر میں خریدے:دبئی کا تاجر


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) توشہ خانہ کے جو تحائف عمران خان نے بیچے اس کا خریدار سامنے آ گیا۔ توشہ خانہ کے تحفے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تھے۔ خیال رہے کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد سے جو قیمتی گھڑی، انگوٹھی اور دیگر تحفے بطور وزیراعظم 2019ء میں ملے تھے وہ انہوں نے فروخت کر دیئے تھے۔ تحفے خریدنے والی دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمر فاروق نے ٹی وی پروگرام میں وہ تحائف دکھا دیئے۔ عمر فاروق نے بتایا کہ 2019ء میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے رابطہ کیا۔ جس کے بعد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان تحفے لے کر دبئی ان کے دفتر آئیں۔ ان کی ڈیمانڈ پچاس لاکھ ڈالرز تھی۔ تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی۔ عمر فاروق نے بتایا کہ ان تحفوں کی اصل مالیت ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالرز یعنی 2019ء کے ڈالر ریٹس کے حساب سے ایک ارب 70 کروڑ روپے تھی۔ انہوں نے مزید بتایا الیکشن کمشن کے 5 رکنی بنچ نے توشہ خانہ ریفرنس میں متفقہ فیصلہ سنا دیا جبکہ چیف الیکشن کمشنر نے فیصلہ خود پڑھا۔ گھڑی گراف کمپنی کی ہے۔ یہ دنیا کی واحد گھڑی ہے جو سعودی شاہی خاندان نے بنوائی اور اس میں خانہ کعبہ بنا ہوا ہے۔ یہ گھڑی سعودی ولی عہد نے عمران خان کو تحفے میں دی تھی۔ شہزاد اکبر جانتے تھے میں گھڑیوں کا شوقین ہوں۔ شہزاد اکبر نے کال کی ہمارے پاس بہت اچھی گھڑی کا سیٹ ہے۔ شہزاد اکبر کی کال کے بعد فرح گوگی گھڑی کے سیٹ سمیت مجھے دبئی آ کر ملیں۔ فرح نے کہا کہ سعودی ولی عہد نے یہ تحفے دیئے ہیں جس کی میں نے اپنے ذرائع سے تصدیق کرائی۔ تصدیق کے بعد عمران خان کو سعودی ولی عہد سے ملے تحائف 20 لاکھ ڈالر میں خریدے۔ فرح نے کہا کہ ہمیں رقم کیش میں چاہئے، جس پر میں نے بنک سے رقم نکلوا کر کیش کی صورت میں ادا کی۔

ای پیپر دی نیشن