آئیڈیاز 2022ء کا آغاز،پاکستانی تیار کردہ میزائل ـ''حربہ''کی نمائش

Nov 16, 2022


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) گیارہویں عالمی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2022ء کا ایکسپو سنٹر کراچی میں آغاز ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئیڈیاز پریمئیر دفاعی صنعتی شو اور بین الاقوامی ڈیفنس سسٹمز کی پروموشن کیلئے خطے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز ہر بار کی طرح اس مرتبہ بھی آئیڈیاز میں بھرپور شرکت کر رہا ہے۔ پی او ایف نے اپنی تمام اعلی معیار اور جدید پراڈکٹ رینج کو دنیا بھر سے آئیڈیاز 2022 میں شامل مندوبین اور مبصرین کیلئے پیش کئے ہیں۔ ایونٹ کے افتتاحی روز مہمان خصوصی وفا قی وزیر خارجہ  بلاول بھٹو زرداری نے پی او ایف سٹال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار محمد اسرار ترین نے بھی شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے پی او ایف میں اپنے وسائل سے تیار کی گئی سی ڈبلیو 39، بی ڈبلیو20 اور سی ڈبلیو 56 اسالٹ رائفلز کا افتتاح کیا۔  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بتایا گیا کہ بی ڈبلیو 20اسالٹ رائفل7.62x51ملی میٹر کیلبر کی حامل ہے۔ یہ رائفل 12اور 16انچ بیرل میں تیار کی جاتی ہے۔ جی 3اے 3 کے مقابلے میں بی ڈبلیو20وزن اور لمبائی میں کم اور زیادہ دیر تک قابل استعمال رہنے کی خصوصیات کی حامل ہے۔ بی ڈبلیو20میں استعمال کے لیے 20رائونڈ کی حامل پولیمر میگزین تیار کی گئی ہے۔ بی ڈبلیو20  600میٹر تک دشمن کو آپٹکل سائٹ کی مدد سے نشانہ بنانے کی اہلیت رکھتی ہے اور اس میں جدید ایکسیسریز لگانے کی خصوصیات بھی رکھی گئی ہیں۔ 39سی ڈبلیو 39x7.62 کیلبر کے چیمبر کی حامل ہے ۔ فری فلوٹنگ بیرل کے باعث ٹارگٹ کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی اہلیت، کنٹرول میں بہترین اور معاون ہے۔ کم وزن ہونے کے ساتھ ساتھ 39سی ڈبلیو 300میٹر تک کامیابی سے دشمن کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جبکہ 56سی ڈبلیو 30رائونڈز کی حامل سٹیل میگزین کے ساتھ قریب موجود دشمن کو نہایت درستگی سے نشانہ بنانے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اس رائفل کی رینج 400میٹر اور وزن صرف 3کلو گرام ہے۔ 5.56x45ملی میٹر کیلبر کی حامل ہے۔ وزیر خارجہ کو بتایا گیا کہ پاکستان آرڈیننس فیکٹریز نے یہ رائفلز مقامی وسائل اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے پاکستان کی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں کیلئے تیار کی ہیں۔ وفاقی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کے عزم کو سراہتے ہوئے عالمی معیار کے مطابق ہتھیاروں کی تیاری پر پاکستان آرڈیننس فیکٹریز کی تعریف کی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پاکستان کے تیار کردہ کروز میزائل ’’حربہ‘‘ کی آئیڈیاز نمائش 2022 کے پہلے روز لانچنگ ہوئی۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے میزائل کی ایکسپورٹس لانچنگ تقریب کا افتتاح کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے بھی سٹال کا دورہ کیا۔

مزیدخبریں