اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ نوجوان کیڈٹس پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ریٹائرمنٹ سے قبل الوداعی دوروں کا سلسلہ جاری ہے اور اسی سلسلے میں منگل کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ان کا استقبال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس دوران پی ایم اے کے کیڈٹس اور افسران سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے اعلیٰ تربیتی ادارے کے غیر معمولی اعلیٰ معیار اور اس کے لیے کوششوں کو سراہا اور مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں اپنی توانائیاں صرف کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچ رجمنٹل سینٹر کا بھی دورہ کیا اور یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد حاضر سروس، و ریٹائرڈ افسران اور جوانوں سے بات چیت کی۔ آرمی چیف نے بلوچ رجمنٹ کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ بلوچ رجمنٹل سینٹر پہنچنے پر چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے استقبال کیا۔
آرمی چیف
کیڈٹس پیشہ ورانہ مہارت کے حصول میں توانائیاں صرف کریں:آرمی چیف
Nov 16, 2022