اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جب عمران خان پر کوئی کیس نہیں ملا تو کیس یہ بنایا گیا کہ سعودی عرب کے بادشاہ نے عمران خان کو مہنگی گھڑی تحفے میں دی انہوں نے کہا کہ وہ گھڑی توشہ خانہ سے خرید کر مہنگے داموں مارکیٹ میں فروخت کر دی گئی، سب سے پہلے تو یہ کہ پانچ ملین ڈالر کی گھڑی کبھی کسی بھی وزیر اعظم کو تحفہ نہیں دی گئی جب بیرون ملک دورے میں ایک تحفہ ملتا ہے تو وہ وزارت خارجہ کا پروٹوکول آفیسر وصول کرتا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ وہ وطن واپسی پر توشہ خانہ میں جمع کرا کر اس کی رسید متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں جمع کرواتا ہے۔ توشہ خانہ کیبنٹ ڈویژن کے ماتحت ہے، یہاں ایک آزاد کمیٹی رولز کے مطابق اس تحفے کی قیمت طے کرتی ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ جو مارکیٹ کی قیمت طے ہوتی ہے اس سے متعلقہ وزیر یا وزیراعظم کو آگاہ کیا جاتا ہے۔ عمران خان حکومت سے پہلے رولز کے مطابق اس قیمت کا 25% ادا کر کے وہ تحفہ ذاتی ملکیت میں لیا جا سکتا تھا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف نے اس شرح کو 50 فیصد تک بڑھا دیا قانون کے مطابق جس شخص کو تحفہ ملا ہے وہ اس تحفے کی قیمت کا پچاس فیصد ادا کر کے تحفہ ذاتی ملکیت میں لے سکتا ہے عمران خان نے توشہ خانہ سے قانون کے مطابق گھڑی خریدی فواد چوہدری نے کہا کہ یہ گھڑی ان کی ٹیکس ریٹرن اور الیکشن کمشن کے گوشواروں میں ظاہر شدہ ہے۔ جس شخص کو خریدار بنا کر پیش کیا نہ تو اسے کبھی گھڑی فروخت کی گئی نہ ہی اس شخص کا عمران خان سے بالواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق ہے۔
فواد چودھری