عمران ملک کا تماشا بنا رہے‘ توشہ خانہ‘ فارن فنڈنگ کا جواب نہیں دے سکے: حمزہ

Nov 16, 2022


لاہور (سپیشل رپورٹر) حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میری طبعیت ٹھیک نہیں تھی اس لئے سیاسی سرگرمیاں ترک کردی تھیں۔ اب طبعیت بہتر ہوئی ہے اپنا آفس ہولڈ کروں گا۔ وہ  احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان کے ذکر پر حمزہ شہباز نے کہا کہ عمران خان کی روایت ہے کہ وہ ہر بیان پہ یوٹرن لیتا ہے۔ اب اپنے بیانیہ سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔  اس نے قوم کا وقت ضائع کیا اور اداروں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کی جس کے نتیجے میں پوری دنیا میں پاکستان کو بدنام کرایا گیا۔ عمران خان کو اب امریکی سائفر والا اپنا بیانیہ سوٹ نہیں کررہا ہے جس سے وہ اب پیچھے ہٹ رہے ہیں، عمران خان سیاست نہیں ملک کا تماشا بنا رہے ہیں‘  آج تک توشہ خانے کا جواب نہیں دے سکے‘ عمران خان فارن فنڈنگ کا جواب  نہ دے سکے ہیں۔ آرمی چیف کی تعیناتی کا آئین اور قانون کے مطابق سلسلہ آگے چلے گا۔ قبل ازیں احتساب عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز سمیت دیگر اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس کی سماعت 25 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔ حمزہ شہباز نے اپنی حاضری لگوائی۔ عدالت نے بعض ملزموں کے تاخیر سے پہنچنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کتنے ملزم ابھی تک پیش نہیں ہوئے ہیں؟۔ وکیل نے بتایا ملزم علی احمد اور شعیب قمر تاحال پیش نہیں ہوئے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ دیگر ملزم پیش ہوجاتے ہیں تو یہ کیوں تاخیر سے پہنچتے ہیں؟۔ کیا انہوں نے کراچی سے آنا  ہوتا ہے۔  گواہ پہنچنے کے باوجود کارروائی آگے نہیں بڑھ پا رہی ہے۔  آخری موقع دیتا ہوں، آئندہ سماعت پر بیان لازمی ریکارڈ کیا جائے گا۔رمضان شوگر ملز ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت میں جمع کرا دیئے ہیں۔ ادھر احتساب عدالت شہباز شریف خاندان کے اثاثہ جات منجمد کرنے کے خلاف دائر اعتراضات پر عدالت نے شہباز شریف کے وکلاء کو اعتراضات پر بحث کیلئے دوبارہ طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے سماعت مزید کارروائی کے لئے 25 نومبر تک ملتوی کر دی۔ 

حمزہ

مزیدخبریں