پاکستان رومانیہ کیساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے، ساجد طوری


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے آج  رومانیہ کے دارلخلافہ بخارسٹ میں وزیر محنت اور سماجی یکجہتی مسٹر ماریئس کانسٹنٹین بوڈائی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں وزراء نے دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان انسانی وسائل کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رومانیہ کو ہر قسم کے پیشوں میں انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیروں ممالک بالخصوص خلیجی ریاستوں اور مغربی ممالک کی معیشت اور ترقی میں پاکستانی ورکرز کا اہم کردار ہے۔دونوں وزرائنے لیبر موبلٹی پارٹنرشپ پر ایم او یو پر جلد دستخط کے لیے کام کرنے پر بھی اتفاق کیا جس کا مسودہ پاکستان اور رومانیہ کے درمیان زیر غور ہے۔ساجد حسین طوری نے رومانیہ کے وزیر اور رومانیہ کی قوم کو یکم دسمبر کو آنے والے رومانیہ کے قومی دن کے موقع پر پیشگی مبارکباد دی۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے سوئٹزرلینڈ، رومانیہ، یونان اور پرتگال کے دس روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
ساجد طوری

ای پیپر دی نیشن