حکمران جماعتیں عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کوآگے بڑھاتی ہیں، سراج الحق1


اسلام آباد(نا مہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران جماعتیں عالمی طاقتوں کے ایجنڈے کوآگے بڑھاتی ہیں، امریکی مداخلت کے خلاف جاندار موقف اپنانا ان کے بس میں نہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ کہا ہے کہ امریکا کو جب موقع ملا اس نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ بھارت کے مقابلے میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے تو واشنگٹن نے ہم پر پابندیاں لگائیں، قوم سمجھتی ہے کہ بنگلہ دیش بنانے میں امریکا کا بھی ہاتھ تھا، قوم کی جانب سے بار بار اپیل کے باوجود امریکا نے ڈاکٹر عافیہ کو واپس نہیں بھیجا، ہمارے حکمرانوں نے ہاتھ باندھ کر ریمنڈڈیوس کو امریکا کے حوالے کیا۔ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی ملکی اور بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کی چھتری تلے سیاست کرتی ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ نے پہلے پی ٹی آئی کو اقتدار دلوایا، جب اس سے معاملات بگڑ گئے تو پی ڈی ایم کو حکومت دلوا دی۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ قوم اپنے پاں پر کھڑی ہو، ہم کرپشن کے خاتمے، بچوں کی تعلیم، نوجوانوں کی سکل ڈویلپمنٹ اور سودی نظام کے خاتمے کی بات کرتے ہیں۔ واشنگٹن سے متعلق بھی ہمارا موقف واضح اور دوٹوک ہے۔ ہماری جدوجہد اسلامی نظام کے لیے ہے۔ جماعت اسلامی کے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ قرآن و سنت کا پیغام آگے بڑھائیں، دوسری سیاسی جماعتوں کے سوشل میڈیا اور ہم میں فرق یہ ہے کہ ہم گالی اور دشنام طرازی سے نہیں، دلیل سے بات کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے تیمرگرہ دیر میں سوشل میڈیا سیمینار اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع اعزاز الملک افکاری، سابق ایم این اے صاحبزادہ یعقوب اور سابق ایم پی اے سعید گل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 سراج الحق

ای پیپر دی نیشن