پنجاب حکومت عمران خان کی سکیورٹی پر ماہانہ 10کروڑ روپے سے زائد برداشت کریگی

چیئرمین تحریک انصاف پنجاب کے خزانے پر بوجھ بننے لگے، لاکھوں شہریوں کی سکیورٹی فرد واحد پر لگا دی گئی

Nov 16, 2022 | 13:13

پنجاب حکومت چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی لاہور رہائش گاہ زمان پارک کی سکیورٹی کے نام پر ماہانہ10 کروڑروپے سے زائد کا خرچہ برداشت کرے گی۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پنجاب کے خزانے پر بوجھ بننے لگے ہیں، کیوں کہ لاکھوں شہریوں کی سکیورٹی فرد واحد پر لگا دی گئی ہے۔عمران خان کی لاہور میں زمان پارک کی رہائشگاہ پر سکیورٹی کے نام پر پنجاب حکومت ماہانہ 10کروڑروپے سے زائد کا خرچہ برداشت کرے گی۔لاہورمیں عمران خان کی رہائش گاہ پر خیبرپختونخوا پولیس ، لاہور پولیس سمیت دیگراداروں کے سیکڑوں ملازمین مامور ہیں، جبکہ زمان پارک پر تعینات پانچ سو سولہ اہلکاروں کی ڈیوٹی بھی بارہ گھنٹے کر دی گئی ہے، جن کے لیے واش رومز اور کھانے پینے کا کوئی انتظام نہیں ہے۔عمران خان کی زمان پارک کی رہائش گاہ کی بم پروف دیوار اور کنٹرول روم کے علاوہ مورچہ بندی پر ماہانہ دس کروڑ روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ۔پولیس پاپولیشن ریشو کے مطابق ایک کانسٹیبل 450 شہریوں کی حفاظت کا ذمہ دار ہے، یوں زمان پارک میں تعینات 516 اہلکار دو لاکھ 32 ہزار 200 شہریوں کا تحفظ چھوڑ کر چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی پر تعینات کردیے گئے ہیں

مزیدخبریں