لاہور (خبر نگار) جج اینٹی کرپشن کورٹ محمد ارشد حسین بھٹہ نے پنجاب اسمبلی میں محمد خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری بھرتی کیس میں پرویزالٰہی کی بعد از گرفتاری درخواست ضمانت پر سماعت 20 نومبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر اظہار برہمی کیا۔ پراسیکیوٹر نے مو¿قف اپنایا کہ ریکارڈ تفتیشی افسر کوئٹہ لے کر گئی ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ پہلے لاہور میں ریکارڈ تھا۔ اب کوئٹہ چلا گیا ہے۔ یہ پراسیکیوشن کی بدنیتی ہے جو ریکارڈ پیش نہیں کر رہے۔ دریں اثناءلاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے ترقیاتی منصوبوں کے ماسٹر پلان میں بد عنوانی کے الزام میں درج مقدمہ میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے بیٹے راسخ الٰہی و دیگر اہلخانہ کی عبوری ضمانتوں میں یکم دسمبر تک توسیع کر دی۔ اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا اعوان کے تبادلے کے باعث بدھ کے روز کیس میں پیشرفت نہ ہو سکی۔