لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں پی ٹی آئی کے آٹھ رہنماوں حماد اظہر، مراد سعید، مسرت جمشید چیمہ، جمشید اقبال چیمہ، فرخ حبیب، میاں اسلم اقبال، حسان خان نیازی اور زبیر خان نیازی کو اشتہاری قرار دے دیا۔ پولیس نے استدعا کی کہ ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے روپوش ہو چکے ہیں۔ ملزمان کو اشتہاری قرار دیا جائے۔ ملزمان پر تھانہ شادمان کو نذر آتش کرنے اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے۔ علاوہ ازیں جج عبہر گل خان نے شیر پاو پل پر پولیس گاڑیاں جلانے اور پولیس پر حملہ کے کیس میں پی ٹی آئی وکیل رہنما افضال عظیم پاہٹ، حمزہ عظیم پاہٹ اور خالد پاہٹ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔