بشریٰ بی بی کا چیف جسٹس اسلام آبا دہائیکورٹ پرعدم اعتماد کا اظہار

Nov 16, 2023 | 12:18

 چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔بشری بی بی نے عمران خان سے تنہائی میں ملاقات کی درخواست کسی اور بینچ کے روبرو مقرر کرنے کی استدعا کی۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ اور پاکستان بار کونسلز کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ بشری بی بی کی استدعا پر عدالت نے بار کونسلز کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سابق خاتونِ اوّل بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے شوہر، چیئرمین پی ٹی آئی سے تنہائی میں ملاقات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں گذشتہ روز درخواست دائر کر دی گئی۔ بشریٰ بی بی نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ عدالتی احکامات پر ہر منگل کو چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت ہے۔ انہوں نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ جیل حکام کی موجودگی میں ملاقات کے باعث گھریلو معاملات پر بات نہیں ہو پاتی۔بشریٰ بی بی نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو میری شوہر سے تنہائی میں ملاقات کے لیے احکامات دیے جائیں۔جبکہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی نے مقدمات کی تفصیلات کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ بشریٰ بی بی کی جانب سے درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ تمام اداروں سے مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں، اس درخواست پر فیصلہ آنے تک کسی بھی مقدمے میں گرفتاری یا طلبی سے روکا جائے۔عدالت نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار 7 روز میں رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کریں، درخواست گزار درخواست کے ساتھ متعلقہ دستاویزات بھی منسلک کریں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست گزار بشریٰ بی بی کو درخواست پر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کی۔

مزیدخبریں