پاکستان سٹاک مارکیٹ نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ہنڈرڈ انڈیکس نے 57 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ڈالر کی قیمت میں کمی کے ساتھ ہی آج کاروبار کے آغاز پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی زبردست تیزی دیکھی گئی جہاں سٹاک مارکیٹ میں 364 پوائنٹس اضافے کے بعد 100 انڈیکس 57 ہزار 44 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرنے لگا۔ معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ روز کاروباری دن کے اختتام پر سٹاک مارکیٹ 56 ہزار 680 پر بند ہوئی تھی جب کہ رواں کروباری ہفتے کے آغاز پر ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر پہنچنا شروع ہوئی، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 788 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 56 ہزار 180 پر پہنچ گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 6 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جس سے پیسے کی قدر میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کیے گئے 90 سے زیادہ عالمی ایکویٹی انڈیکسز میں رواں ماہ کراچی سٹاک ایکس چینج 10 فیصد بہتری کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ معاشی ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستانی روپے کی قدر میں حالیہ اضافہ قرض کی ثانوی مارکیٹ کا بلند ترین شرح کی جانب بڑھتا رجحان اور مہنگائی کے اعداد و شمار نئی سرمایہ کاری کو سٹاک مارکیٹ کی جانب موڑنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ بلوم برگ نے رپورٹ کیا ہے کہ رواں سال جون میں بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے ساتھ 3 ارب ڈالر کے قرض کا معاہدہ طے پانے کے بعد پاکستان کے سٹاکس میں 23 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، پاکستانی روپیہ ستمبر میں ریکارڈ نچلی سطح سے تقریبا 10 فیصد بڑھا ہے اور بلومبرگ کی جانب سے ٹریک کی جانے والی معیشتوں میں سب سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی کرنسی قرار دی گئی۔