بلاول چھوٹے بھائی کی طرح،رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا،پختہ سیاست کی طرف بڑھناچاہیے۔شہباز شریف

کوئٹہ (نیٹ نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو چھوٹے بھائی کی طرح ہیں۔ ہم نے 16 ماہ ساتھ کام کیا ہے، ہمیں پختہ سیاست کی طرف بڑھنا چاہیے کیونکہ رونے دھونے اور الزام تراشی سے کچھ نہیں ہوگا۔ ہمیں مل کر صوبے کو خوشحال بنانا ہے اور ہمیں مل کر معاشی، معاشرتی مسائل حل کرنا ہیں۔ نوازشریف کی بلوچستان کی ترقی کیلئے عملی کاوشیں قوم کے سامنے ہیں۔ نوازشریف کے دور میں سڑکوں کا جال بچھایا گیا جب کہ پچھلی حکومت کے چار سال میں تباہی و بربادی ہوئی۔ لشکری رئیسانی کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی دعوت دینے آیا ہوں، ان کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی۔ سیاسی اکابرین نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کی ہے، بلوچستان کی سیاسی جماعتوں کے رہنماو¿ں نے ملاقات کی ہے، میں بہت مطمئن ہوں۔ نوازشریف کی دہائیوں سے پختہ سوچ ہے کہ بلوچستان کے مسائل حل کرنا چاہئیں۔ جس کو عوام وزیراعظم منتخب کریں گے قوم اسے قبول کرے گی۔ مناسب بات یہ ہے کہ ہم سب اپنے گریبانوں میں جھانکیں، سب تجزیہ کریں کہ کہاں غلطیاں ہوئیں۔ ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، ہماری سیاست کو نقصان پہنچا، ریاست بچ گئی اور سیاست بھی بچ جائے گی۔ لشکری رئیسانی نے کہا کہ میاں شہباز شریف نے ہمیں دعوت دی یہ باعث اعزاز ہے، نواز شریف ملک کے بحرانوں کو بہتر جانتے ہیں، نواز شریف کے پاس بحرانوں کا حل ہوگا، ہم نے فیصلہ کیا اس سیاسی عمل کا حصہ بنیں گے، ہمارا فیصلہ بہت جلد ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن