پاکستان کے نئے باولنگ کوچ کا نام بھی سامنے آ گیا

 پاکستان کے نئے باولنگ کوچ کا نام بھی سامنے آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے تعینات ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے دورہ آسٹریلیا سے قبل ہی کوچنگ اسٹاف مکمل کرنے کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ذرائع کے مطابق عمر گل پاکستان کے نئے باولنگ کوچ ہوں گے، محمد حفیظ نے کوچنگ کی مختلف پوزیشنز کیلئے کئی سابق کھلاڑیوں سے رابطہ کیا ہے، اس حوالے سے آئندہ چند روز کے دوران باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ نے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو فارغ کرنے کے بجائے نئی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف جس میں مکی آرتھر اور گرانٹ بریڈ برن شامل ہیں، انہیں ہائی پرفارمنگ سینٹر میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔جبکہ سابق کرکٹر محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا نیا ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا۔ پی سی بی نے چیف سلیکٹر کا عہدہ وہا ریاض کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے، سہیل تنویر جونئیر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نئے کپتانوں کا بھی باقاعدہ انتخاب کر لیا، اس حوالے سے اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم جبکہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سونپ دی۔ جبکہ کوچنگ اسٹاف کی بھی چھٹی ہو گئی، قومی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ کا نام سامنے آ گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ آسٹریلیا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا مقامی کوچ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر محمد حفیظ قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ اور ڈائریکٹر ہوں گے۔ اس حوالے سے جلد باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین ذکاء اشرف نے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے باعث کوچنگ سٹاف کو دورہ آسٹریلیا میں کام کرنے سے روک دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کو کئی یادگار فتوحات دلوانے والے بابر اعظم کی کپتانی کا 4 سالہ دور اختتام پذیر ہو گیا۔ بابر اعظم نے چئیرمین پی سی بی مینیجنگ کمیٹی ذکاء اشرف سے بدھ کے روز ہوئی ملاقات کے بعد کپتانی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کی پیش کش کی تھی، تاہم انہوں نے پی سی بی کی جانب سے صرف ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی کی پیشکش قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ ذکاء اشرف سے ملاقات کے بعد بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام کے ذریعے کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ بابر اعظم نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے تمام فارمیٹ کی کپتانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کرکٹ میں ٹیم کا نمبر ون بننا تمام کھلاڑیوں کی محنت کا نتیجہ تھا، کپتانی چھوڑنے کا یہ درست وقت ہے، قیادت سے دستبرداری مشکل فیصلہ تھا۔ بابر اعظم نے اپنے پیغام میں کپتانی کی ذمے داری دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تینوں فارمیٹ میں بطور کھلاڑی ٹیم کیلئے کھیلتے رہیں گے اور ساتھ ستاھ نئے کپتان کو اپنے تجربے کی بنیاد پر سپورٹ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ بھارت میں جاری ورلڈکپ کے دوران مایوس کن کارکردگی کے بعد بابر اعظم پر کپتانی چھوڑنے کا دباو تھا۔ اس حوالے سے اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بورڈ کپتانی کے حوالے سے بابر اعظم کی جانب سے خود فیصلے کیے جانے کا خواہاں تھا۔

ای پیپر دی نیشن