خود کو ایف آئی اے کا ڈپٹی ڈائریکٹر ظاہر کرکے سرکاری افسران کو انکوائریوں کا خوف دلاکر ان سے سونے ہتھیانے والے گاڑیوں کے مکینک کو گرفتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق گرفتار ملزم خود کو ایف آئی اے اور حساس اداروں کا افسر ظاہر کررہا تھا، ملزم سجاد حسین سرکاری افسران کو انکوئریوں کے نام سے ہراساں کرتا تھا۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم سرکاری افسران کا کال ریکارڈ حاصل کرنے کا بھی ماہر ہے جب کہ ملزم متعدد سرکاری افسران سے انکوائری کے نام پر کئی تولے سونا ہتھیا چکا ہے۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم اس سے قبل بھی جعل سازی پر 5 سال قید کاٹ چکا ہے، ملزم پیشے کے اعتبار سے گاڑیوں کا مکنیک ہے۔ایف آئی اے کے مطابق جعل ساز کے خلاف کارروائی ایک سرکاری افسر کے شکایت پر کی گئی،گرفتار جعل ساز نے شکایت کنندہ کو من گھڑت گولڈ انکوائری کے نام پر 25 تولے گولڈ بمعہ رسیدوں کے طلب کیا تھا۔